چائلڈپروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم کی انسداد گداگری مہم جاری ،شہر کے مختلف علاقوں سے 31بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا

جمعرات 17 مارچ 2016 13:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے انسداد گداگری مہم جاری ہے جس کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائی کے دوران 31بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا جن میں 22لڑکے اور 9لڑکیاں شامل ہیں۔ ان تمام بچوں کو کریم بلاک، مون مارکیٹ، اکبر چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، شوکت خانم چوک، جوہر ٹاؤن، ڈیفنس موڑ اور دیگر علاقوں میں گرینڈ ریسکیو آپریشن کے ذریعے تحویل میں لیا گیا۔

اس ریسکیو آپریشن کے دوران سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پولیس کی ٹیموں کا تعاون بھی شامل تھا۔ تحویل میں لئے گئے بچوں کی عمریں 5سال سے 14سال کے درمیان ہیں اور ان تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں پیش کرنے کے بعد قانونی تحویل حاصل کی گئی اور چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان بچوں کو رہائش اور خوراک کی تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں نیز ان بچوں کے والدین سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ شہر کے تمام سگنلز، بازاروں اور سڑکوں کو بھکاریوں سے پاک کرنے کیلئے انسداد گداگری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ بھکاری بچوں کو خوراک، رہائش اور تعلیم کی سہولیات دے کر ان بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا۔