پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش، مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق

جمعرات 17 مارچ 2016 13:59

لاہور/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء ) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جب کہ مردان میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ لاہور اور پشاور سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جب کہ بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا، شہری علاقوں میں جہاں لوگ بارش سے لطف اندوز ہوتے رہے وہیں بعض شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

پنجاب میں لاہور اور اس کے گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جب کہ چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاوٴالدین،سیالکوٹ،نارووال، حافظ آباد، سرگودھا، شیخوپورہ، چیچہ وطنی اور گوجرانوالہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

ملکی بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی رہی، کشمیر،گلگت بلتستان،چترال،دیر،سوات، کوہستان، شانگلا، بٹگرام، پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، مانسہرہ،ایبٹ آباد،ہری پور، بونیر،صوابی اور مالاکنڈ میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی۔

مردان کے علاقے تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن اور کشمیر میں ہفتہ تک موسلادھاربارش اورژالہ باری کاامکان ہے۔