خواتین کو اب ملازمت کی جگہوں پر ہراساں نہیں کیا جا سکے گا،سید عبد اللہ شاہ

جمعرات 17 مارچ 2016 15:15

کراچی ۔ 17 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) خواتین کو اب ملازمت کی جگہوں پر ہراساں نہیں کیا جا سکے گا، کسی بھی ادارے میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سینٹ میں قانون پاس ہو چکا ہے جس کے تحت متاثرہ خواتین اپنی شکایت صوبائی محتسب کے پاس درج کراکے انصاف حاصل کر سکیں گی۔ یہ بات صوبائی محتسب سندھ کے ڈائریکٹر ایڈمن سید عبد اللہ شاہ نے رانا لیا قت علی خان گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج کراچی میں خواتین کی آگاہی کے لئے چلائی گئی مہم کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم میں ملوث شخص پر جرم ثابت ہونے پر اسے سخت ترین سزا دی جا سکتی ہے جس میں اس کے عہد ے سے تنزلی،جبری ریٹائرمنٹ،ملازمت سے برطرفی اور ملازمت سے بر خواستگی کے علاوہ جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سید عبد اللہ شاہ نے کہا کہ اگر کوئی خاتون دوران ملازمت اپنے ادارے میں کسی بھی شخص کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کی جا رہی ہو تو اسی ادارے میں قائم انکوائری کمیٹی تحقیقات کرے گی اورقانون کے مطابق اگرواقعی خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہو یا کیا جا رہاہو تو اس خاتون کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گااورمتعلقہ شخص کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی سیمینار سے فلائٹ لیفٹنٹ مسرت شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہراسمنٹ کے قانون کے تحت پاکستان بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کو عزت کے ساتھ روزگار حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے ۔

سیمینار سے رانا لیا قت علی خان گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج کراچی کی پرنسپل پروفیسر مسز شبانہ پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عورت معاشرے کی معمار ہے اس کی عزت سب پر لازم ہے اور کسی بھی خاتون کو کوئی بھی شخص کسی بھی طرح سے جنسی طورپر ہراساں کرے گا تو وہ سخت ترین سزا پائے گا انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خاتون اب مکمل تحفظ اوربغیر ہراساں ہوئے اعتماد کے ساتھ ملازمت کر سکتی ہے آخر میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کمپلنٹ سیل کے انچارج آصف شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے 29اضلاع میں 25کمپلنٹ سینٹر کام کر رہے ہیں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں کمپلنٹ سینٹر ڈپٹی کمشنر آفس بلمقابل مشرق سینٹرمیں قائم ہے جہاں سادے کاغذپر شکایت کنندہ خاتون درخواست جمع کر اسکتی ہے اورای میل یا فیکس کے ذریعے بھی درخواست دے سکتی ہے۔