Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس ‘ ہمیں بھارت کی افغانستان میں پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ‘ تحریک انصاف

جمعرات 17 مارچ 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں بھارت کی افغانستان میں پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ‘ہمارے گھر میں آگ لگی ہے ‘سفارتی کوششوں کو تیز کرکے ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ دنیا کو بھارتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جائے جبکہ اراکین قومی اسمبلی نے پشاور بم دھماکے کو زیر بحث لانیکا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بس حادثے کے وقت ڈرائیور نے بہادری کا مظاہرہ کرکے کئی لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں ‘حکومت خراج عقیدت پیش کرے ‘ مقامی لوگوں کے نام پر افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ بنانے کی باز پرس کی جائے۔

جمعرات کو اجلاس کے دور ان نکتہ اعتراض پر تحریک انصاف کے رکن سراج محمد خان نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے بس حادثے کے وقت ڈرائیور نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں‘ حکومت اس کی بہادری کی تحسین کرے ‘سراج محمد خان نے کہا کہ این اے 6 نوشہرہ میں بھی سکولوں کی نجکاری کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی (ف) کے رکن قاری محمد یوسف نے کہا کہ مانسہرہ میں ٹرانسفارمر مرمت کرنے کی ورکشاپ بند کرکے نوشہرہ منتقل کرنے سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ضلع بٹ گرام کی 20 یونین کونسلوں میں سے نو کو مالاکنڈ ڈویژن اور گیارہ ضلع مانسہرہ میں رکھا گیا ہے۔ ہمارے تمام یونین کونسلوں کو مالاکنڈ یا ضلع مانسہرہ میں یکجا طور پر رکھا جائے۔جماعت اسلامی کی رکن عائشہ سید نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ عائشہ سید نے کہا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے مالاکنڈ ڈویژن میں نقصانات ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ پشاور بس حادثے کے متاثرہ خاندانوں کی کفالت کی جائے۔پی ٹی آئی کے رکن غلام سرور خان نے کہا کہ چھ سے پندرہ سال کی عمر کے اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ بدقسمتی سے ہماری شرح خواندگی کم ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد کے گردونواح میں پرائیویٹ سکولوں نے فیسوں میں 20 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔

یہ معمولی بات نہیں ہے اس کو باقاعدہ ریگولیٹ ہونا چاہیے۔جے یو آئی (ف) کے رکن مولانا امیر زمان نے کہا کہ ان کے حلقہ میں 13 ہزار شناختی کارڈ نادرا نے بلاک کردیئے ہیں۔ نادرا کا مطالبہ ہے کہ تصدیق کنندگان کو ہمراہ لائیں۔ ایسے لوگوں کو بھی شناختی کارڈ نہیں دیئے جارہے جن کے پاس حکومت پاکستان کے سرٹیفکیٹ بھی موجود ہیں۔ ہمارے پورے ڈویژن میں ٹرانسفارمر مرمت کرنے کی کوئی ورکشاپ نہیں ہے اس سے زمیندار متاثر ہوتے ہیں اس کا نوٹس لیا جائے۔

مسرت احمد زیب نے کہا کہ گزشتہ روز کے بس حادثے کو ایوان میں زیر بحث نہیں لایا گیا۔ اس حادثے میں 17 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ گزشتہ روز پشاور بس حادثے کے واقعہ کو زیر بحث لانے کے لئے وقت مقرر کیا جائے۔مسلم لیگ (ن) کے رکن شہاب الدین خان نے کہا کہ پانچ مارچ سے باجوڑ ایجنسی کا سب سے بڑا مرکز عنایت بازار بند پڑا ہے‘ پولیٹیکل ایجنٹ نے ان پر چار کروڑ کا جرمانہ عائد کیا ہے قانون کے تحت پولیٹیکل ایجنٹ صرف 45 ہزار تک جرمانہ عائد کر سکتا ہے۔

لوگ در بدر ہیں اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ باجوڑ ایجنسی میں 32 موبائل ٹاورز میں سے 24 بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کا بھی کوئی حل نکالا جائے ورنہ لوگ بے روزگار ہونگے۔مسلم لیگ (ن) کے رکن قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چنیوٹ میں پینے کے صاف پانی کی سکیم بھی مکمل کی جائے فیصل آباد چنیوٹ روڈ آدھی بنی ہے اور آدھی باقی ہے ہے اس کے فنڈز منظور ہو چکے تھے مگر بعد میں یہ لاہور میٹرو منصوبے کو منتقل کردیئے گئے۔

لوگوں کی یہ مشکل حل کی جائے۔ چنیوٹ میں پینے کے صاف پانی کی سکیم بھی مکمل کی جائے۔پی ٹی آئی کے رکن مراد سعید نے کہا ہے کہ ہمیں بھارت کی افغانستان میں پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ مراد سعید نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے حوالے سے قرارداد منظور ہوئی۔ ہمارے گھر میں آگ لگی ہے ہمیں سفارتی کوششوں کو تیز کرکے ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ دنیا کو بھارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرنا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ کاشتکاروں کی اجناس خریدنے والا کوئی نہیں ہے۔ اس حوالے سے حکومت کوئی میکنزم بنائے تاکہ وہ اپنی اجناس منڈیوں میں بیچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹماٹر بھارت سے منگوا رہے ہیں جس پر بارہ ارب روپے خرچ کردیئے گئے ہیں۔ ٹماٹر یہاں بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی کمال بنگلزئی نے کہا کہ مقامی لوگوں کے نام پر افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ بنانے کی باز پرس کی جائے۔

کمال بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان میں مقامی لوگوں کے نام پر افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ بنے ہوئے ہیں۔ ساجد نواز نے کہا کہ پشاور بس حادثے پر ہمیں بے حد افسوس ہے ہم متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ شہد کی مکھیوں کے کاروبار سے متعلقہ لوگوں کو خیبر پختونخوا اور پنجاب میں جگہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اس کا حل نکالا جائے۔شیخ صلاح الدین نے کہا کہ کراچی میں کرن ہسپتال کینسر کے علاج کا واحد ادارہ ہے اس کو اپ گریڈ کیا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات