فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن کے کمرشل پلاٹوں کی آسان شرائط پر نیلامی کا فیصلہ

جمعرات 17 مارچ 2016 16:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) لاہورمیں بین الاقوامی معیار کی جدید ترین سہولتوں کے حامل نئے کاروباری مرکز فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن کے کمرشل پلاٹوں کی آسان شرائط پر نیلامی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،پلاٹوں کی قیمت قسطوں میں وصول کی جائے گی اور محض40فیصد ادائیگی پر پلاٹ کا قبضہ دے دیا جائے گا ۔ کسی پلاٹ کی ریزور قیمت کا صرف 10فیصد (قابل واپسی )جمع کروا کر بولی میں حصہ لیا جا سکے گا ۔

سب سے زیادہ بولی دہندہ کو پلاٹ کی قیمت کا 20فیصدنیلامی کے 20دن بعد تک بھی جمع کروانے کی اجازت ہو گی ۔مجاز اتھارٹی کی طرف سے بولی کی منظوری کے بعد پہلی قسط30کے اندر جمع کروائی جا سکے گی۔پلاٹ کی قیمت ایک ارب روپے سے زائد ہونے پر آٹھ سہ ماہی قسطوں میں ادائیگی کی سہولت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پلاٹ عنقریب نیلام عام کے ذریعے فروخت کئے جائیں گے۔ بین لاقوامی معیار کے مطابق بنایاجانے وا لا ملک کا یہ پہلا تجارتی مرکز نہر لاہور برانچ‘ موٹر وے ‘ ملتان روڈ ‘ رائے ونڈ روڈ ‘ فیروز پور روڈ‘ سدرن بائی پاس اور دوسرے شہروں سے لاہور آنے والے دیگر راستوں سے قریب ہونے کے باعث کاروباری مقاصد کیلئے انتہائی موزوں ہے ۔

یہاں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لئے تعمیراتی قوانین میں بھی نرمی کی گئی ہے اور ان کے لئے زیادہ سے زیادہ بلندی کی حد میں اضافہ کر دیا گیا ہے ‘ پلا ٹوں کے کورڈ ایریا بڑھا دیا گیا ہے اور اب کسی پلاٹ کے 60فیصد حصے پر عمارت تعمیر کی جا سکے گی ‘ اس کے علاوہ عمارت کے عقب اور دونوں اطراف سے خالی چھوڑی جانے والی جگہ بھی کم کر کے25کنال کے پلاٹ کے لئے 15 فٹ اور اس سے بڑے پلاٹ کے لئے 20فٹ کر دی گئی ہے ۔

فنانس اینڈٹریڈ سنٹر میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لئے 118کنال اور سپر سٹور بنانے کے لئے مختص90کنال کے پلاٹ پہلے ہی نیلام کئے جا چکے ہیں جن پر عمارتوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ۔اس کے علاوہ یہاں 27کنا ل پر ہیلتھ کلب ‘ 25کنال پر ہسپتال ‘پانچ کنال پر مسجد‘75کنال پر تفریحی ایریا‘32کنال پر پارک اور منی گالف کلب ‘40کنال پر کثیر المنزلہ اپارٹمنٹ اور8کنال پر سروس ایریا تعمیر کیا جائے گا۔