سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حصول انصاف کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے‘چوہدری فیاض احمد وڑائچ

شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا،مظلوموں کو ان کا حق ضرور ملے گا‘ڈاکٹر زبیر اے خان

جمعرات 17 مارچ 2016 19:21

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 17 مارچ۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ قرآن کا قانون ہے کہ خون کا بدلہ خون ہوگا،اسی قانون کے تحت ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے حصول انصاف کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ہم پرامن لوگ ہیں اس لئے قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے۔مگر ہمیں قانون اور عدالتوں سے انصاف ملتا نظر نہیں آتا ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کو خدا کے عذاب سے ڈرنا چاہیے کہ انہوں نے سینکڑوں بے گناہوں کو خون میں نہلا دیا اور درجن بھر افراد کو شہید کردیا۔اور اب حصول انصاف میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ملتان میڈیا سیل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے حصول انصاف کیلئے استغاثہ دائر کیا ہے۔پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدرڈاکٹر زبیر اے خان نے کہا کہ شہدا ء ماڈل ٹاؤن بے گناہ تھے جو ریاستی جبر کا شکار ہوئے ۔مگر شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔مظلوموں کو ان کا حق ضرور ملے گا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن ظالم حکمرانوں کے گلے کا پھندا ثابت ہوگا۔اس موقع پر صوبائی میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی بھی موجود تھے۔