بلاول بھٹو کے سیکیورٹی گارڈز کی نور عالم خان سے بدتمیزی ، بلاول ہاؤس داخلے سے روک دیا،یہ واقعہ غلط فہمی اور گارڈز کی غلطی کا نتیجہ ہے ، پارٹی چیئرمین کی عزت کرتا ہوں ، نور عالم

سیکیورٹی گارڈ ز کو نور عالم کے ساتھ ایسا نہیں کرنا چاہیئے تھا، قمر زمان کائرہ کا ردعمل

جمعرات 17 مارچ 2016 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 17 مارچ۔2015ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردادی کے سیکیورٹی گارڈز نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو بلاول ہاؤس میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر نور عالم خان نے پارٹی قیادت سے شدید احتجاج کیا اور پارٹی کی پارٹی کی اہم رہنما سابق وزیر اطلاعات شیری رحمان سے فوری طور پر رابطہ کیا، بلاول بھٹو زرداری کے سیکیورٹی گارڈز اس سے قبل بھی پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں کو بلاول ہاؤس میں داخل ہونے سے روک چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

جب اس واقعہ کے بارے میں نور عالم خان سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی بہت عزت کرتے ہیں اور مجھے بلاول ہاؤس اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کا واقعہ ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے اس میں سیکیورٹی گارڈز کی غلطی اور غلط فہمی کا عمل دخل ہے میں پارٹی کا کارکن ہوں اور پارٹی کے لئے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے جب اس واقعہ کے بارے میں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہناتھا تو ان واقعہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں لہذا وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے نو ر عالم خان پارٹی کے سینئر اور اہم رہنما ہیں اگر انہیں سیکیورٹی گارڈز نے بلاول ہاؤس میں داخل ہونے سے روکا ہے تو سیکیورٹی گارڈز کو ایسا نہیں کرنا چاہیئے تھا۔