سپیکر قومی اسمبلی سے یوکرائن کے سفیر کی ملا قات

پارلیمانی رابطوں کو فروغ دے کر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایاجائیگا، توانائی، ٹیکسائل، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،سردارایازصادق

جمعرات 17 مارچ 2016 19:52

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ یوکرائن کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں انتہائی اہمیت دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یوکرائن کا کر دار مشرقی یورپ اور وسطی ایشیاء کی منڈیوں تک پاکستانی مصنو عات کی رسائی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔انہو ں نے ان خیالا ت کا اظہار یوکرائن کے سفیر Mr. Volodymyr Lakomovسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے پا رلیمنٹ ہا وس میں ان سے ملا قات کی۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ پارلیمانی رابطوں کو فروغ دے کر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دفاعی سازو سامان ،تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے توانائی، ٹیکسائل، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے پاکستا ن کی قومی اسمبلی میں پاک -یوکرائن دوستی گروپ کو مزید فعال کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سفیر کو یوکرائن کی پارلیمنٹ میں بھی اسی طر ز کا دوستی گروپ تشکیل دینے کے لیے کہا ۔انہوں نے کہا کہ مضبوط اور فعال پارلیمانی دوستی گروپ علا قائی اور عالمی معا ملا ت پر تبادلہ خیال اور اطلاعات کے تبادلوں میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

یوکرائن کے سفیر Mr. Volodymyr Lakomov نے اپنی حکومت کی طر ف سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن کی کمپنیاں پاکستان میں پاور پلا نٹ ،پائپ لا ئن ،پلوں اور ریلوے کے شعبوں میں سر مایہ کاری کرنے کی خواہش رکھتی ہیں ۔انہوں نے پارلیمانی دوستی گروپس کو مزید فعال بنانے کی سپیکر کی تجویز سے اتفاق کیا ۔انہوں نے دفاعی اور سول سیکٹر میں دونو ں ممالک کے ما بین تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔