بلجیم ، مشتبہ دہشت گرد کے گھر سے داعش کا پرچم برآمد

دومشتبہ مفرورافرادکی تلاش جاری،ایک سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، بلجیم پولیس کا بیان

جمعرات 17 مارچ 2016 19:55

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) بلجیم میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے مشتبہ دہشت گرد کے پاس سے اسلامک اسٹیٹ کا جھنڈا اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ پولیس فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث مزید دو افراد کی تلاش میں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بلجیم کے دفتر استغاثہ کے ترجمان تھیئری ویرٹس نے بتایا کہ برسلز کے ایک فلیٹ پر چھاپے کے دوران دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز مارے جانے والے اس چھاپے کا تعلق گزشتہ برس تیرہ نومبر کو پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں سے تھا، جن میں ایک سو تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔تھیئری ویرٹس نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص مبینہ طور پر پیرس حملوں میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

ان کے بقول پینتیس سالہ محمد بلقائد کا تعلق الجزائر سے تھا جبکہ وہ غیر قانونی طور پر بلجیم میں رہائش پذیر تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کے فلیٹ سے اسلامک اسٹیٹ کا پرچم اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ان کے بقول لاش کے قریب سے سلفی گروپ کا ایک کتابچہ بھی ملا ہے۔یہ کارروائی بیلجیئم اور فرانس کی پولیس نے مشترکہ طور پر کی تھی اور اس دوران زخمی ہونے والوں میں بیلجیئم کے تین اور فرانس کا پولیس اہلکار شامل ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بلقائد کا ریکارڈ پولیس کے پاس پہلے سے موجود تھا کیونکہ 2014ء میں چوری کے الزام میں اسے گرفتار کیا جا چکا تھا۔

ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بلقائد کا پڑوسی ہے۔بیلجیئم حکام کے مطابق انسداد دہشت گردی کا یونٹ شدت پسندوں کی تلاش میں لگا ہوا ہے اور اس دوران اسے کچھ کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔ تاہم اس کے باوجود دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :