ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح بڑا عالمی خطرہ ہے،برطانوی ریسرچ گروپ کا انتباہ

ٹرمپ آزادانہ تجارت کے بارے میں غیر معمولی سخت خیالات رکھتے ہیں،رپورٹ

جمعرات 17 مارچ 2016 19:57

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) برطانوی ریسرچ گروپ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ ( ای آئی یو) نے کہاہے کہ اگر امریکا کی صدارت ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ آگئی تو یہ مذہبی عسکریت پسندی کی طرح عالمی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کے حوالے سے دنیا کو لاحق بڑے خطرات میں سے ایک ہوگا۔ای آئی یو کی جانب سے جاری کی گئی حالیہ درجہ بندی میں خطرات کی درجہ بندی ایک سے 25 پوائنٹس کے اسکیل پر کی گئی ہے۔

فہرست میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کو انڈیکس میں 12ویں درجے پر رکھا گیا ہے جبکہ چینی معیشت کی ترقی کو 20 ویں درجے پر رکھا گیا ہے،اس درجہ بندی کی وضاحت کے لیے ای آئی یو نے ڈونلڈ ٹرمپ کی چین کے حوالے سے پالیسیوں کے اظہار اور اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے ان کے متنازع بیانات کا حوالہ دیا ہے،واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر ایک بڑی دیوار کی تعمیر کی تجویز پیش کی تھی تاکہ غیرقانونی تارکینِ وطن اور منشیات کے اسمگلرز کو امریکا آنے سے روکا جاسکے،دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کئی بیانات دے چکے ہیں، ایک بیان میں انہوں نے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ ایک اور بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام ہم سے نفرت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ای آئی یو نے خبردار کیا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارت مل گئی تو عالمی معیشت میں عدم استحکام اور امریکا کے سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلق خطرات میں اضافہ ہوجائے گا،رپورٹ کے مطابق ٹرمپ آزادانہ تجارت کے بارے میں غیر معمولی سخت خیالات رکھتے ہیں اور متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ چین اپنی کرنسی کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتا ہے،ای یو آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ اور عسکریت پسندی کے حوالے سے بھی انتہائی سخت موقف رکھتے ہیں، جس میں دہشت گردوں کے خاندان کو قتل کرنے اور شام کی سرزمین سے داعش کے خاتمے کے لیے زمینی آپریشن جیسے موقف شامل ہیں،اس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کو برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج اور جنوبی بحیرہ چین میں جنگ سے بھی بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

دنیا کو ٹرمپ کی صدارت سے خبردار کرتے ہوئے ادارے کا مزید کہنا تھا کہ اس بات کی امید نہیں کہ ٹرمپ ہلیری کلنٹن کو شکست دے پائیں گے، اگر وہ نومبر میں ہونے والے الیکشن میں جیت گئے تو ممکن ہے کہ کانگریس ان کی کچھ تجاویز کو مسترد کردے۔