شامی کردوں کا شمالی شام میں وفاقی نظام کے قیام کا اعلان

ترکی نے کردوں کے نظام کی مخالفت کردی ،شام کے اتحاد کی حمایت کا اظہار

جمعرات 17 مارچ 2016 19:59

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) شام کے کردوں نے کہا ہے کہ وہ ملک کے شمال میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں وفاقی نظام کے نفاذ کا اعلان کرنے والے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع شام کے شمالی شہر کوبانی (عین العرب) میں کردوں کی خود مختار انتظامیہ کے تحت نظامت خارجہ امور کے ایک عہدے دار ادریس نعسان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اعلان سے خود انتظامی کا فریم ورک وسیع ہوگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ علاقے ''شمالی شام کا وفاق'' کہلائیں گے اور یہ وفاق وہاں رہنے والے تمام نسلی گروپوں کا نمائندہ ہوگا''۔ واضح رہے کہ کرد جنگجو گروپ پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) اور دوسرے گروپوں نے شام کے تین شمالی علاقوں کوبانی ،سیرین اور قامشیلی میں گذشتہ دو سال سے اپنی خود مختار انتظامیہ قائم کر رکھی ہے۔درایں اثناء ترکی نے شام کے شمالی علاقے میں کردوں کی جانب سے وفاقی نظام کے قیام کی مخالفت کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ شام کے قومی اتحاد کا حامی ہے۔ترک وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ شام میں حکومت کی شکل اور انتظامی ڈھانچے کا فیصلہ شامی عوام کے تمام طبقات ایک نئے آئین کی صورت میں کرینگے۔

متعلقہ عنوان :