شام میں قیام امن کے مذاکرات کا دائرہ مزید وسیع

مذاکرات میں روس سے قریبی وابستگی رکھنے والا اپوزیشن گروپ بھی شریک ،عالمی ایلچی سے ملاقات کی

جمعرات 17 مارچ 2016 20:11

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) شام میں جاری ہولناک خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے جنیوا میں جاری امن مذاکرات کا دائرہ اب مزید وسیع ہو گیا ہے کیونکہ اب اس میں ماسکو سے قریبی وابستگی رکھنے والا ایک اپوزیشن گروپ بھی شریک ہو گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اقوام متحدہ کے ثالث اسٹیفان ڈے مستورا نے ’ماسکو گروپ‘ کہلانے والے اس گروپ کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کی۔

(جاری ہے)

یہ گروپ مذاکراتی میز پر برابر کے فریق کی حیثیت دیے جانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ دوسری جانب شام کی ’سرکاری‘ اپوزیشن یعنی ہائی نیگوشی ایشنز کمیٹی ایچ این سی اکیلے ہی شامی اپوزیشن کی نمائندگی کی دعویدار ہے۔ ایچ این سی کے مقابلے میں ’ماسکو گروپ‘ کسی عبوری حکومت کے قیام کے لیے بشار الاسد کو صدارت کے عہدے سے ہٹانے کی شرط عائد نہیں کر رہا۔ اس گروپ کی ان مذاکرات میں شرکت ماسکو حکومت کے شام سے اپنے فوجی دستے واپس بلانے کے غیر متوقع اعلان کے فوراً بعد سامنے آئی ہے۔