کاٹی کی جانب سے ٹی ڈیپ کو ختم کرنے کے مطالبے کی مذمت

حالات کو نظر انداز کرکے برآمدات کی کمی کا ذمے دار ایک ادارے کو ٹھہرانا لاعلمی کا ثبوت ہے، مشترکہ بیان

جمعرات 17 مارچ 2016 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد سعید، سینئر نائب صدر سلیم الزماں، نائب صدر سید واجد حسین، ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان اور قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان نے اپنے مشترکہ بیان میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے خاتمے کے مطالبے اور اس ادارے پر ہونے والی تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ڈیپ کو بند کرنے کی باتیں کرنے والے اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اس کے کردار کو غیر فعال قرار دینے والوں کو ماضی کی ان حکومتوں میں اپنی کارکردگی کا بھی جائزہ لینا چاہیے جن ادوار میں انھیں معیشت کی بہتری کے لیے ذمے داریاں دی گئی تھیں، اور ان کے دور اقتدار میں ملکی معیشت کو سنگین بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

کاٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ برآمدات میں کمی سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن اس کے لیے کسی ایک ادارے کو مورد الزام ٹھہرانے کو منصفانہ رویہ قرار نہیں دیا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ جو لوگ اداروں کو مؤثر بنانے کے عمل میں کردار ادا کرنے کے اہل نہیں ہوتے وہی اداروں کو بند کرنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کساد بازای کے باعث دنیا بھر میں بڑی معیشتیں بھی برآمدات میں کمی جیسے مسئلے کا شکار ہیں، اور ملکی ایکسپورٹ میں کمی کی بنیادی وجہ TDAP کی خراب کارکردگی نہیں بلکہ ملک میں توانائی بحران اور عالمی مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان اس کا باعث ہے جس کے سبب انڈیا کی ایکسپورٹ میں 12 فیصدکمی ہوئی اور اس کے ساتھ ساتھ چائنا بھی اپنی ایکسپورٹ میں کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔

عالمی کساد بازاری کے باعث پیش آنے والے مسائل کے باعث برآمدات میں کمی کو کسی ایک ادارے کی ذمے داری قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈاپ میں کرپشن اپنے عروج پہ تھی مگر پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے بطور چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر کی تعیناتی سے اب اس ادارے میں کرپشن صفر کی سطح پر پہنچ گئی ہے اور انہوں نے رشوت ستانی کے بازار کو بلکل ختم کردیا ہے۔

ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے کئی احسن اقدامات کیے، وہ ایک درد دل رکھنے والے پاکستانی ہیں اور ملکی معیشت میں بہتری کے لیے ہردَم مصروف عمل رہتے ہیں ملکی برآمدات اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ایس ایم منیر کا کردار قابل ستائش ہے، پاکستانی امیج کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر کی تعیناتی کے بعد پاکستانی مصنوعات کی بین القوامی سطح پر تشہیراور نمائشوں سے پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے اور اسکی زندہ مثال انڈیا میں منعقد ہونے والی عالیشان ایکسپو پاکستان ہے جس کے باعث اس کو بھرپور پزیرائی ملی تھی۔

ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے ٹڈاپ کو پروان چڑھانے میں اپنے دن رات کی محنت کرتے ہوئے ادارے کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیا ہے، جبکہ کراچی میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے امن کے باعث بیرونی خریداروں نے بھی پاکستان کا رخ دوبارہ کر دیا ہے جس کے باعث سرمایہ کاری میں اضافہ بھی ممکن ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :