کراچی ، یونیورسٹی روڈ کے دونوں طرف اور فٹ پاتھ پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا

جمعرات 17 مارچ 2016 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر روشن علی شیخ کی ہدایت پر یونیورسٹی روڈ کے دونوں طرف اور فٹ پاتھ پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، جمعرات کے روز نیپا سے موسمیات چورنگی تک یونیورسٹی روڈ کے دونوں جانب سڑک اور فٹ پاتھ سے ٹھیلے، پتھارے، کیبن، تخت ، ٹیبل کرسیاں، مرغی کے پنجرے، پانی کی ٹنکی ، پرانے ایئر کنڈیشنز اور دیگر تجاوزات ہٹادی گئیں جس سے سڑک پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی، اس علاقے میں کافی عرصے سے شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کو سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم تجاوزات کی وجہ سے شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑرہا تھا، انسداد تجاوزات کی یہ کارروائی سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹس بلال منظر کی زیر نگرانی انجام پائی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عباس اور انسداد تجاوزات سے متعلق دیگر افسران و عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا جبکہ سٹی وارڈنز اور مشینری پول ڈپو کے عملے نے بھی اس آپریشن میں بھر پور طریقے سے حصہ لیا جس کے دوران فٹ پاتھ پر قائم پتھارے، ٹھیلے، آہنی کاؤنٹرز، کیبن اور دیگر تجاوزات ضبط کرلی گئیں جنہیں بعدازاں نیپا برج کے نیچے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسٹور میں جمع کرادیا گیا ہے، واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے بلدیہ شرقی کے ایڈمنسٹریٹر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کے حالیہ دورے کے موقع پر ہدایت کی تھی کہ یونیورسٹی روڈ کے اطراف سڑک اور فٹ پاتھ سے ہر قسم کی تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اس اہم سڑک کے اطراف اور گرین بیلٹ میں سبزہ و شجر کاری کا انتظام کیا جائے تاکہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اس پورے علاقے کو خوبصورت اور سرسبز بنایاجاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف بھر پور کارروائی جاری ہے ، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بلال منظر کے مطابق تجاوزات مافیا سے موثر طریقے سے نمٹا جائے گا کیونکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن شہر کو بہتری کی جانب لے جانے کی کوشش ہے جس کے لئے ہم سب کو مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ایسے افراد کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو تجاوزات قائم کرکے شہریوں اور کاروباری برادری کو مشکلات سے دوچار کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :