وزیراعظم نے اپنی جان کی طرح پرویز مشرف کی بھی جان چھڑا دی، نواز شریف اور مشرف کے درمیان مک مکا تھا،کچھ لوگ آئین کے آرٹیکل 6 سے زیادہ طاقت ور ہیں، پرویز مشرف نے آئین توڑا لیکن روکنے والا کوئی نہیں، آئین توڑنے والے کو رعایت کیوں دی جا رہی ہے ،وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیوکی پریس کانفرنس

جمعرات 17 مارچ 2016 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف صاحب نے جس طرح اپنی جان چھڑائی، پرویز مشرف کی بھی اسی طرح چھڑا دی، وزیراعظم نواز شریف اور پرویز مشرف کے درمیان مک مکا تھا۔ وہ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صرف نمائشی پروگرام بن کر رہ گئی ہے، اعتزاز احسن نے درست کہا کہ کچھ لوگ آئین کے آرٹیکل 6 سے زیادہ طاقت ور ہیں، پرویز مشرف نے آئین توڑا لیکن روکنے والا کوئی بھی نہیں، آئین توڑنے والے کو رعایت کیوں دی جا رہی ہے۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عدالت عظمی نے حکومت کی چالاکیوں کا پول کھول دیا ہے،میاں صاحب نے اپنی طرح پرویز مشرف کی جان بھی چھڑوا دی، حکومت اور پرویز مشرف کے درمیان مک مکا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے پاس وقت کم ہوتا جا رہا ہے، نواز شریف نے احسان کا بدلہ چکا دیا ہے، چوہدری نثار بہت بولتے تھے، اب وہ کہاں گئے؟ حکومت کی خاموشی جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، ہم مردم شماری کی بات کریں تو ان کو وفاق خطرے میں نظر آتا ہے، چھوٹے صوبوں سے نا انصافی اور آئین توڑنے والوں کو چھوٹ مل رہی ہے، اختیارات میاں صاحب کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، سیاسی لوگوں پر بغاوت کے مقدمے بنتے ہیں، مشرف کے معاملے پروفاقی حکومت نے بڑا جرم کیا ہے، جمہوریت کے استحکام کیلئے پرویز مشرف کو روکا جائے