کراچی، نالوں کی صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے فوری خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں،جام خان شورو

شہر میں صفائی ستھرائی کی مہم مزید تیز کی جائے،سالہا سال سے ڈمپ کچرے کے ساتھ جمع کچڑے کو اسی روز صاف کردیا جائے،وزیر بلدیات سندھ

جمعرات 17 مارچ 2016 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ شہر میں نالوں کی صفائی ستھرائی اور ان پر قائم تجاوزات کے فوری خاتمے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ شہر میں صفائی ستھرائی کی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور سالہا سال سے ڈمپ کچڑے کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والے کچڑے کو اسی روز صاف کردیا جائے۔

اسکیم 33 سمیت دیگر واٹر بورڈ کی پانی کی لائنوں میں رساؤ کو ختم کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں لائنوں کی فوری تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔ سندھ حکومت کی اولین ترجیع ہے کہ موسم گرما سے قبل شہر میں پانی کی فراہمی کی منصفانہ تقسیم کے نظام کو مربوط بنایا جائے اور شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی مزید میسر کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقوں منظور کالونی، یونیورسٹی روڈ، صفورا گوٹھ، سچل گوٹھ، کے ڈی اے اسکیم 33 اور دیگر علاقوں کے اچانک دورے کے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر بلدیات نے منظور کالونی میں جاری نالے کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود تجاوزات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈی سی ایسٹ کو فوری طور پر منظور کالونی سمیت تمام نالوں پر قائم تجاوزات کے فوری خاتمے کی ہدایات دیں اور نالوں کی صفائی کے کاموں کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے یونیورسٹی روڈ، صفورا گوٹھ اور سچل گوٹھ میں صفائی ستھرائی اور سیوریج کے پانی کی شکایات پر وہاں بھی اچانک دورہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو صفائی ستھرائی کے فوری طور پر اقدامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحت جنوری کے پہلے ہفتہ سے صفائی مہم شروع کی گئی ہے اور اس کا مقصد سالہا سال سے شہر میں موجود کچڑے کے ان ڈمپ ڈھیروں کا خاتمہ ہے، جو وسائل کی کمی کے باعث شہریوں کے لئے مسائل کا باعث بن رہے تھے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والے کچڑے کو اسی روز اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ مین سڑکوں اور ملحقہ گلی کوچوں میں بھی روزانہ کی بنیادوں پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں اب کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دورے کے دوران صوبائی وزیر بلدیات نے کے ڈی اے اسکیم 33 میں واٹر بورڈ کی مین پائپ لائن سے پانی کے رساؤ کی شکایات پر وہاں کا بھی دورہ کیا اور واٹر بورڈ کے افسران کو اس رساؤ کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی سی ایسٹ آصف جان صدیقی کو بھی ہدایات دیں کہ جہاں جہاں نالوں پر تجاوزات ہیں ان کا خاتمہ کیا جائے۔ سیوریج اور پانی کی لائنوں کی مرمت کے کاموں کو تیز کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں لائنوں کو ہنگامی بنیادوں پر تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے یونیورسٹی روڈ اور اطراف کی لنک روڈ کی فوری مرمت کے بھی احکامات دئیے اور کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر عوام سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شور و نے کہا کہ عوامی شکایات پر آج وہ خود اچانک ان علاقوں کا دورہ کرنے آئے ہیں اور اس کی اطلاع انہوں نے متعلقہ افسران اور میڈیا بھی نہیں دی تاکہ زمینی حقائق کو وہ خود دیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات کی اولین ترجیع اس شہر اور صوبے کو صاف ستھر اور سرسبز بنانا ہے اور اس کے لئے ان کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ ایک موقع پر عوام کی جانب سے تجاوزات میں سرکاری ملازمین کی ملی بھگت کے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ آج اسی لئے وہ ڈی سی ایسٹ کو اپنے ہمراہ لائے ہیں اور انہیں سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اس میں اگر کوئی بھی سرکاری ملازم ملوث ہوا تو اس کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :