اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کی بحریہ یوتھ ٹیکنوتھن مقابلوں میں بہترین کارکردگی، ٹیم نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی

جمعرات 17 مارچ 2016 21:47

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کی بحریہ یوتھ ٹیکنو تھن مقابلوں میں بہترین کارکردگی، ٹیم نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد کی ٹیم نے بحریہ یوتھ ٹیکنو تھن مقابلوں میں پروگرام فریکنگ اور سپیڈ رائٹنگ سمیت دیگرمقابلوں کے ٹائٹل اپنے نام کر کے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔

ان مقابلوں کا انعقاد بحریہ یونیورسٹی ، اسلام آباد میں کیا گیا تھا جن میں 26 کے قریب جامعات کے 2000 طلباء نے شرکت کی جبکہ ان مقابلوں میں حصہ لینے والی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلباء کی ٹیم 44 ارکان پر مشتمل تھی ۔ جامعہ کے کھلاڑیوں نے پروگرام فریکنگ اور سپیڈ رائٹنگ کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ روبوٹیکس کے مقابلوں میں دوسری اور سکیوینجر مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

ان مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں مصحف علی نواز ، جوہر رضا، محمد فہد ، اعتزاز فرحت، محمد ذیشان ، سید نیئر عباس نقوی، جواد ظہور ، حافظ وقار سجاد، محمد عادل ، احتشام الرحمان اور حسنین نواز شامل تھے۔ جامعہ کی اعلیٰ قیادت نے بہترین کارکردگی پر طلباء کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہونہار طلباء کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے بھرپور مواقع مستقبل میں بھی فراہم کیے جاتے رہیں گے۔