پاکستان اگلے ہفتے تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا

جمعرات 17 مارچ 2016 21:56

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) پاکستان اگلے ہفتے تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس (سی ڈی) کی صدارت سنبھالے گا۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں جنیوا میں پاکستان کی مستقل نمائندہ تہمینہ جنجوعہ 21مارچ کو تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس کی صدارت سنبھالیں گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ڈی کے صدر کی حیثیت سے پاکستان اتفاق رائے، تعاون اور متوازن انداز سے کانفرنس کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔

پاکستان شروع سے ہی تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس کا فعال اور اہم رکن رہا ہے اور سی ڈی کو عالمی تخفیف اسلحہ مشینری کا ناگزیر حصہ سمجھتا ہے جو عالمی امن،سلامتی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔پاکستان نے آخری مرتبہ 2005میں سی ڈی کی صدارت کی تھی۔ فورم کا قیام 1979ء میں عمل میں لا یا گیا تھا۔کانفرنس تمام اہم فوجی طاقتوں سمیت 65رکن ملکوں پر مشتمل ہے۔اس کے ایجنڈے میں ایٹمی ہتھیاروں میں کمی،خلاء میں اسلحے کی دوڑ کی روک تھام شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :