جرمن ایئر لائن لفتھانزا کو قریب دو ارب یورو کا ریکارڈ منافع

بہتر سروس،کم کرائے،وقت کی پابندی نے ہماری ائیرلائن کو بہت آگے پہنچادیا،سربراہ کارسٹن سپوہرکی پریس کانفرنس

جمعرات 17 مارچ 2016 22:12

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) جرمنی کی سب سے بڑی ایئر لائن لفتھانزا نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس اس کے ایک ذیلی ادارے کے مسافر طیارے کی تباہی اور ملازمین کی متعدد ہڑتالوں کے باوجود زیادہ تر ایندھن کی انتہائی کم قیمتوں کے باعث قریب دو ارب یورو کا ریکارڈ منافع ہوا،جرمن خبررساں ادارے کے مطابق لفتھانزا کے سربراہ کارسٹن سپوہر نے دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں میں شمار ہونے والے اس ادارے کی 2015ء کے دوران مالیاتی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس اس کمپنی کے لیے ’کئی بڑے جذباتی چیلنجز کا سال تھا،لفتھانزا کے سربراہ کارسٹن سپوہر نے صحافیوں کو بتایاکہ 2015ء میں ہماری کمپنی کو 32.1 بلین یورو کی مجموعی آمدنی ہوئی، جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 6.8 فیصد زیادہ تھی۔

(جاری ہے)

لیکن اس دوران لفتھانزا کا سالانہ منافع 2014ء میں صرف 55 ملین یورو سے کئی گنا بڑھ کر 1.82 بلین یورو (دو بلین امریکی ڈالر) تک پہنچ گیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔کارسٹن سپوہر نے کہا کہ اس تاریخی منافع میں صرف فضائی ایندھن کی کم قیمتوں ہی نے بڑا کردار ادا نہیں کیا بلکہ اس میں کمپنی کی اس پالیسی کا بھی بڑا عمل دخل رہا کہ اس کی مسافر پروازوں میں خالی نشستوں کی تعداد کم سے کم ہونی چاہیے،پچھلے سال موسم بہار میں پہلے اس ادارے کی کم کرایوں کے لیے مشہور ایک ذیلی کمپنی جرمن ونگز کا ایک مسافر طیارہ تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 149 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے بعد اس کمپنی کو اپنے پائلٹوں اور کیبن ملازمین کی طرف سے تنخواہوں میں اضافے اور دیگر معاملات پر متعدد ہڑتالوں اور اس وجہ سے بیتحاشا مالی نقصانات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ان حالات کے باوجود گزشتہ برس لفتھانزا کو زیادہ تر عالمی منڈیوں میں تیل اور ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی مقابلتا بہت کم قیمتوں اور فضائی سفر کے رجحان میں اضافے کے باعث اس کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ منافع ہوا۔

متعلقہ عنوان :