سابق صدرجنرل (ر) پرویزمشرف علاج کیلئے دبئی پہنچ گئے

جمعہ 18 مارچ 2016 12:07

کراچی/دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)سابق صدرجنرل (ر) پرویزمشرف علاج کیلئے دبئی پہنچ گئے‘رن وے سے 4 گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے سابق صدر کو رہائشگاہ منتقل ‘دوران سفر سابق صدر انتہائی پر سکون تھے‘ٹی شرٹ پہن رکھی تھی‘ دبئی میں ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم طبی معائنہ ‘علاج کیلئے امریکہ روانگی کا فیصلہ کریگی ۔

سابق صدر کراچی سے صبح چار بجے روانہ ہوئے اور غیر ملکی پرواز ای کے 611 کے ذریعے دبئی پہنچے۔ پرویز مشرف سخت سیکیورٹی میں دبئی ایئر پورٹ سے وی آئی پی گیٹ سے باہر آئے اور کارکنان استقبال کیلئے انتظار کرتے رہ گئے۔سابق صدر پرویز مشرف کو 4 گاڑیاں رن وے پر لینے آئیں اور سخت سیکیورٹی میں رہائش گاہ پہنچے۔ نجی ٹی وی کے مطابق دوران سفر سابق صدر انتہائی پر سکون تھے اور ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔

(جاری ہے)

دبئی میں ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم جنرل پرویز مشرف کا طبی معائنہ کرے گی جس کے بعدعلاج کے لیے امریکا روانگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ روانگی سے پہلے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ علاج کرا کے وطن آ کر عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کریں گے۔ اس سے قبل وزارت داخلہ کی جانب سے عدالتی حکم بجا آوری کرتے ہوئے پاک فوج کے سابق سپہ سالار کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔

پرویز مشرف کو کئی دنوں سے ریڑھ کی ہڈی میں شدید تکلیف کی شکایت تھی ۔ سابق صدر کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کا علاج کس ملک میں کرایا جائے اس بات کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔اس سے قبل سابق صدر پرویز مشرف کی دبئی روانگی سے قبل کراچی میں ان کی رہائش گاہ اور ائیرپورٹ کے باہر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے، سابق صدرکو بم پروف گاڑی میں پولیس اوررینجرزکی بھاری نفری کے حصارمیں ائیرپورٹ پہنچایا گیا تھا۔