وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس،ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال،ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو جڑ اکھاڑپھینکا جائیگا ۔عسکری و سیاسی قیادت کا مصمم عزم۔۔ وزیر اعظم سے ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات ،کاشتکاروں کے خدشات دور کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 مارچ 2016 12:31

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس،ملک کی اندرونی و ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مارچ 2016ء) : وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پرآج وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں عسکری و سیاسی قیادت نے ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کے عزم کا اظہار کیا ۔اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔

ا جلاس میں جاری عسکری آپریشن میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں آپریشن ضرب عضب پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ آپریشن سے نمایاں ثمرات حاصل ہوئے ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے پشاور میں دھماکہ کی پرزور مذمت کی جس میں سرکاری اہلکاروں کو شہید کیا گیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناں وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ارکان اسمبلی رضا حیات ہراج، چوہدری نذیر احمد اور عبدالرحمان خان کانجونے ملاقات کی۔

جس میں ارکان اسمبلی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اقتصادی استحکام اور توانائی میں خودکفالت کے ساتھ ساتھ سماجی شعبہ کی اصلاحات کے مستقبل قریب میں مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب سماجی و اقتصادی پالیسیوں پر بین الاقوامی سیاسی رہنماؤں اور مالیاتی و کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی عوام کو بااختیار بنانے کی مظہر ہے۔

ارکان پارلیمنٹ نے ان کے متعلقہ حلقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کاشتکاروں کے خدشات دور کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملک کو ترقی یافتہ، ترقی پسند اور جدید ریاست میں بدلنے کے لئے وزیراعظم کے وژن کو سراہا ۔ ارکان قومی اسمبلی نے مجموعی سلامتی کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں قوم متحد ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں مجوزہ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کو عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے مقصد کے حامل تمام منصوبوں اور اسکیموں پر عمل درآمد میں اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ کوہدایت کی ہے کہ وہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔