رحیم یار خان،ایل ٹی وی ڈرائیونگ کورس کے پاس آؤٹ طلباء کے اعزاز میں تقریب تقسیم اسناد

جمعہ 18 مارچ 2016 13:08

رحیم یارخان ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وئے پولیس روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ رحیم یار خان کے زیر اہتمام ایل ٹی وی ڈرائیونگ کورس کے پاس آؤٹ طلباء کے اعزاز میں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد علامہ اقبال آڈیٹوریم رحیم یار خان میں ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان ذیشان اصغر تھے، ان کے علاوہ دیگر مہمانوں میں ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا انجینئر خالد رشید بھٹہ، سیکٹر کمانڈر موٹر وئے عبدالخلیل ، صدر ڈسٹرکٹ منیجمنٹ بورڈ ٹیوٹا محمد عابد حسین باجوہ ودیگر شامل تھے۔

تقریب میں سول سوسائٹی کے علاوہ مختلف اداروں اور صنعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی جبکہ پاس آؤٹ ہونے والے 34طلباء بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈی پی اونے کہا کہ پاکستان میں روڈ حادثات میں ہونے والی اموات دنیا کے دیگر ممالک کی مقابلہ میں سب سے زائد ہیں جو باعث تشویش ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم روڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر و ے پولیس ملک بھر میں بہترین خدمات انجام دے رہی ہے ۔ بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی او ذیشان اصغر نے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔