عالمی برادری ہیٹی میں پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے تعاون کرے

انتخابات شیڈول کے مطابق منعقدکرنے میں سہولتیں فراہم کی جائیں ، چین

جمعہ 18 مارچ 2016 14:41

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء/شنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ہیٹی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کیلئے مکمل تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کو شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کیلئے ہمیں ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں ، ہیٹی میں صدارتی انتخابات 24اپریل کو منعقد ہورہے ہیں جبکہ نئی حکومت مئی میں اقتدا ر سنبھالے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انتخابی عمل سے ہیٹی میں امن و استحکام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اگرچہ علاقے میں صورتحال پر سکون ہے تا ہم یہ ابھی تک پیچیدہ ہے اور خطے کے ممالک نازک دور سے گزر رہے ہیں ۔چینی نمائندے نے توقع ظاہر کی کہ ہیٹی کی تمام جماعتیں متحد ہو کر اپنے اختلافات باہمی مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کریں گی تا کہ ملک میں استحکام اور امن قائم ہو اور انتخابات کا یہ دوسرا مرحلہ اور نئی حکومت کی تشکیل کیلئے ساز گار ماحول فراہم ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی تنظیموں کو بھی اس سلسلے میں مکمل تعاون کرنا چاہئے تا کہ ہیٹی کے عوام اپنی حکومت کا انتخاب کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :