ہزارہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم سرد، مختلف شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند

جمعہ 18 مارچ 2016 15:06

مانسہرہ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) ہزارہ ڈویژن میں 3 روز تک جاری رہنے والی بارش اور پہا ڑوں پر برف باری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے، لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے دوبارہ گرم کپڑے پہننا شروع کر دیئے ہیں، شدید سردی کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں گیس ہیٹر اور سوختی لکڑی کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے اضلاع مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، تور غر اور کوہستان میں شدید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث مختلف رابطہ سڑکیں سلائیڈنگ کی نذر ہو گئی ہیں، شاہراہ قراقرم جگہ جگہ سے سلائیڈنگ سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔

مانسہرہ ،کاغان سڑک پہاڑی تودہ گرنے سے بلاک ہے، اوگی، دربند اور اوگی، تورغر سڑک کنہار کے مقام پر سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے۔

(جاری ہے)

چھتر سے نیل بند سڑک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ بٹگرام سے تورغر اور سورے بانڈے سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔3 روز سے جاری موسلادھار بارش نے کچے مکانات میں بسنے والے افراد کیلئے خطرہ پیدا کر دیا جس کی وجہ سے عوام ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں۔ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ اور شمالی علاقہ جات میں آئندہ اتوار تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :