برطانیہ کی فلسطین کی 585 ایکڑ اراضی پر اسرائیلی قبضے کی شدید مذمت

جمعہ 18 مارچ 2016 16:17

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) برطانی حکومت نے فلسطین میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے غرب اردن کی 585 ایکڑ فلسطینی اراضی پرقبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائیوں کو امن عمل کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غرب اردن کی 583ایکڑ فلسطینی اراضی کو یہودی ریاست کا حصہ قرار دیکر اس پرقبضہ قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کے تمام اقدامات مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل اور خطے میں دیر پا قیام امن کی راہ میں کھلی رکاوٹ ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور فلسطین کے دوسرے علاقوں پر اسرائیل کی غیرقانونی توسیع پسندی عالمی قوانین کی منافی اور امن عمل کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ اسرائیل کو فلسطین میں توسیع پسندی کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔برطانوی حکومت نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ فلسطینی اراضی کو قبضے میں لینے کا فیصلہ واپس کرے اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے کی جانیوالی مساعی کو سبوتاژ کرنے سے گریز کرے۔