حکومت آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کو گھروں میں دوبارہ آباد کرنے اور پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی‘ متاثرین کی آباد کاری کیلئے 80 ارب مختص کئے ہیں ‘20 ارب کی گندم اور 17ارب متاثرین میں تقسیم کر دیئے گئے ‘ ہیوی الیکٹرک کمپلیکس کے ملازمین کو 5ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کی کوئی سمری وزارت خزانہ میں زیر التواء نہیں

قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جوا بات

جمعہ 18 مارچ 2016 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کو اپنے گھروں میں دوبارہ آباد کرنے اور اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی، متاثرین کی آباد کاری کیلئے 80 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جب کہ 20 ارب روپے کی گندم اور 17ارب روپے متاثرین میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں، ہیوی الیکٹرک کمپلیکس کے ملازمین کو 5ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کی کوئی سمری وزارت خزانہ میں زیر التواء نہیں۔

جمعہ کو وزیر خزانہ ایوان میں جے یو آئی کے مولانا امیر زمان اور پی ٹی آئی کے غلام سرور خان کے نکتہ اعتراض کا جواب دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی طے شدہ پالیسی ہے کہ آئی ڈی پیز کو دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کرنے کیلئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے، اس حوالے سے بڑا پیکج بنایا گیا ہے، آئی ڈی پیز پاکستان کیلئے قربانی دے رہے ہیں، انہیں 20 ارب کی گندم فراہم کی گئی، 17 ارب نقد دیئے گئے ہیں، آباد کاری متاثرین کیلئے جامع پیکج پر عملدرآمد کیلئے وزارت خزانہ میں ایک سیل کام کر رہا ہے، ایک صاف شفاف نظام بنایا گیا ہے، فاٹا سیکرٹریٹ اور سیفران بھی اس میں مل کر کام کر رہے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ تمام متاثرین کو باعزت طور پر گھروں میں بحال کیا جائے، ہم نے معاوضہ قسطوں کی بجائے یکمشت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایچ ای سی وزارت صنعت کے ماتحت ہے، کمپلیکس کی فروخت پر عدلیہ نے کمپنی کے خلاف فیصلہ کیا ہے، ایچ ای سی کی تنخواہوں کی کوئی وزارتی سمری خزانہ میں زیر اتواء نہیں ہے، سی پیک کے 46میں سے 35 ارب ڈالرز کے منصوبے انرجی سیکٹر کے ہیں، افرادی قوت کو فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔