کل سے ایکسپو سنٹر میں شروع ہونیوالے پاک چائنہ بزنس فورم کے دوران سکیورٹی کے تمام ترممکن اقدامات اُٹھائیں گے ‘ لیاقت علی خاں

شہر میں اینٹی پولیو مہم کے دوران پولیوٹیموں کے ساتھ تعینات پولیس اہلکارالرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں، اسی طرح تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی‘ ایس ایس پی آپریشنز

جمعہ 18 مارچ 2016 17:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) ایس ایس پی آپریشنزکیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ 19 مارچ سے ایکسپو سنٹر میں شروع ہونے والے پاک چائنہ بزنس فورم کے دوران شرکاء اور مہمانانِ خصوصی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس تمام ترممکن اقدامات اُٹھائے گی، شہر میں اینٹی پولیو مہم کے دوران پولیوٹیموں کے ساتھ تعینات پولیس اہلکارالرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں، اسی طرح تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر ، پولیو ٹیموں اور تبلیغی اجتماع رائیونڈمیں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حساس اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اس موقع پر مزید کہا ہے19مارچ سے ایکسپو سنٹر میں شروع ہونے والا پاک چائنہ بزنس فورم 22 مارچ تک جاری رہے گا جس کیلئے ایکسپو سنٹر کی طرف آنے اور جانے والے تمام راستوں پر پولیس اہلکارتعینات ہوں گے اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

فورم میں شرکت کرنے والے ہر فرد کی جسمانی چیکنگ اور کارڈ دیکھ کر اندر داخل ہونے دیا جائیگا ۔ ایکسپو سنٹر کے اندر نمائش لگانے والے تمام افراد کی کلیئرنس بھی ضروری ہو گی اور ہر اندر داخل ہونے والے سامان کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے گی۔ اسی طرح تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں آنے والے ہر فرد کو باقاعدہ چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :