پرویز مشرف کو واپس لانے کیلئے عدالت کا حکم آیا تو حکومت عمل کرے گی ٗاکرم خان درانی

مصطفی کمال کے ایم کیو ایم کے حوالے سے الزامات کے بعد حکومت معاملے کی تحقیقات کرے ٗمیڈیا سے گفتگو

جمعہ 18 مارچ 2016 18:09

اسلام آباد (لاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف عدالت کے حکم پر علاج کی غرض سے ملک سے باہر گئے ٗ واپس لانے کیلئے عدالت کا حکم آیا تو حکومت عمل کرے گی ٗ مصطفی کمال کے ایم کیو ایم کے حوالے سے الزامات کے بعد حکومت معاملے کی تحقیقات کرے ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر مقدمات ضرور چلیں گے ٗ ان کا نام ای سی ایل سے ون ٹائم کیلئے نکالا گیا ہے اس کے بعد بھی ان کا نام ای سی ایل میں رہے گا ٗوفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز مشرف کو عدالت کے حکم پر علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی اگر ان کو واپس لانے کیلئے بھی عدالت نے حکم دیا تو حکومت ضرور عمل کر ے گی۔

(جاری ہے)

ویسے بھی پاکستان میں ان کی جائیداد اور وہ خود بھی پاکستانی کمانڈو ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مصطفی کمال کے ایم کیو ایم کے حوالے سے الزامات اور انکشافات کے بعد حکومت کو معاملے کو انکوائری کے بعد عوام کے سامنے لانا چاہئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کھلاڑی ملک کا سفیر ہوتا ہے ٹیم کو سخت محنت کی ضرورت ہے۔ پوری قوم میچ دیکھنے کیلئے بے تاب ہے ٹیم کا اب قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا وقت آگیا ہے قوم ٹیم کے سابق کپتان عمران خان بھی میچ دیکھنے کیلئے بھارت جا رہے ہیں ۔ اگر وہ ٹیم کو اچھا مشورہ دینا چاہتے ہیں تو ضرور دیں۔