چینی یونیورسٹی صوبہ پنجاب میں نوجوانوں کو چینی زبان سیکھانے کیلئے ٹیوٹاکوماسٹر ٹرینر فراہم کریگی

چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور کنگ داؤ ہینگ زنگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تین رکنی وفدکے درمیان ملاقات میں فیصلہ

جمعہ 18 مارچ 2016 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) کنگ داؤ ہینگ زنگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چین صوبہ پنجاب میں نوجوانوں کو چینی زبان سیکھانے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کوماسٹر ٹرینر فراہم کرے گی، چینی یونیورسٹی صوبہ پنجاب میں ووکیشنل ٹریننگ اور خصوصی کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون بھی فراہم کرے گی ۔

یہ فیصلہ چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے چینی یونیورسٹی کے تین رکنی وفدکے ساتھ ٹیوٹا سیکرٹریٹ دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت چیئر مین کنگ داؤ ہینگ زنگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چین ڈاکٹر چن چانگ جن نے کی جبکہ دیگر ممبران میں وانگ زی ہائی اور فالیانگ شان شامل تھے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے چینی وفد کوچینی زبان کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ٹیوٹا نے عام پبلک کیلئے3ماہ دورانیہ کورس اور ایگزیکٹو زاور بزنس کمیونٹی کیلئے 4 ماہ دورانیہ کا چینی زبان کے کورس کو لاہور میں شروع کر رکھا ہے۔

چینی زبان کورس میں لوگوں کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دوسرے مرحلے میں3ماہ دورانیہ کورس کوجلد راوالپنڈی اور فیصل آبادمیں شروع کیا جا رہا ہے۔یہ کورس ان نوجوانوں کے لئے مدد گار ثابت ہو گا جو پاکستان میں چینی کمپنیوں اور چین میں نوکریوں کے مواقع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔چینی زبان پر عبور حاصل کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

لینگویج کورسزکو شروع کرنے کا مقصد چینی مارکیٹ میں پاکستان کی تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کو قابل اور زیادہ مقبول بنانا ہے ۔چین کا پاکستان کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعاون عوام کیلئے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ چینی وفد کے سربراہ ڈاکٹر چن چانگ جن نے کہا کہ چین دنیا بھر میں نئی عالمی معیشت کے طور پر ابھرچکا ہے ۔اس وقت عالمی معاشی ترقی کیلئے اس کا کردار بہت اہم ہے۔

چین کا پاکستان کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعاون عوام کیلئے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے ٹیوٹا کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔آخر میں وفد نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ میں چینی زبان کورس کا دورہ بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :