دوبئی پہنچتے ہی بیماری دور‘سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے دبئی میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا

جمعہ 18 مارچ 2016 19:41

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے دبئی میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ کا اجلاس بھی آج شام ہی طلب کر لیا ہے۔پرویز مشرف کمر کی تکلیف سمیت کئی بیماریوں کے علاج کیلئے پاکستان سے دبئی منتقل ہوئے ہیں۔ انہوں نے اجلاس میں اے پی ایم ایل امارات سے تعلق رکھنے والے پارٹی ممبران کو طلب کیا ہے۔

اجلاس ان کی رہائش گاہ پر طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت بھی وہ خود کریں گے۔ کمر میں شدید تکلیف کے باوجود اجلاس کی صدارت اور سیاسی سرگرمیوں کے آغاز پر سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ پرویز مشرف کراچی سے آج صبح چار بجے روانہ ہوئے اور غیر ملکی پرواز ای کے 611 کے ذریعے دبئی پہنچے۔ پرویز مشرف سخت سیکیورٹی میں دبئی ایئر پورٹ سے وی آئی پی گیٹ سے با ہر آئے اور کارکنان استقبال کیلئے انتظار کرتے رہ گئے سابق صدر پرویز مشرف کو 4 گاڑیاں رن وے پر لینے آئیں اور سخت سیکورٹی میں رہائش گاہ پہنچے۔

(جاری ہے)

دوران سفر سابق صدر انتہائی پر سکون تھے اور ٹی شرٹ پہن رکھی تھی‘ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ کسی طور پر بھی بیمار نظرنہیں آرہے تھے۔ دبئی میں ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم جنرل پرویز مشرف کا طبی معائنہ کرے گی جس کے بعدعلاج کے لیے امریکا روانگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ روانگی سے پہلے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ علاج کرا کے وطن آ کر عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :