Live Updates

مشرف کی بیرون ملک روانگی نے ثابت کر دیا اب بھی ’’ نظریہ ضرورت ‘‘کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے ‘ جمشید چیمہ

بڑھکیں لگانے والے وزراء اب کیوں خاموش ہیں؟،عوام کے پامال ہونے والے حقوق کا جواب کون دیگا‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 18 مارچ 2016 20:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی نے ثابت کر دیا ہے کہ اب بھی ’’ نظریہ ضرورت ‘‘کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے ،مشرف کے معاملے میں تو انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا ہے لیکن حکمرانوں کو عام آدمی کے حقوق کیوں نظر نہیں آتے ۔

ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ آج پوری قوم بڑھکیں لگانے والے وزراء سے سوال پوچھ رہی ہے اور حکمران جو منطق پیش کر رہے ہیں اس سے ان کی اپنی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پرویز مشرف کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت کے فیصلے کو تو انسانی حقوق کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے دلائل پیش کر رہی ہے لیکن وہ غریب عوام کے جن کے حقوق کئی دہائیوں سے پامال ہو رہے ہیں اس کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیا جارہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں منصفانہ نظام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ حکمرانوں نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اپنی آنکھوں میں جو خواب سجا رکھے ہیں وہ کبھی شرمند ہ تعبیر نہیں ہوں گے۔ عوام قول و فعل میں تضا د رکھنے والے حکمرانوں کو یکسر مسترد کر دیں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کی طرف سے انٹرا پارٹی انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :