حب پاور کمپنی کے وفد کی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور سیکرٹری سے ملاقات

خواجہ آصف کی پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی میں چینی کمپنیوں کے کردار کی تعریف منصوبہ سے ملک کی سماجی، اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی اور بے پناہ فوائد حاصل ہونگے ٗوفاقی وزیر

جمعہ 18 مارچ 2016 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی میں چینی کمپنیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ منصوبہ سے ملک کی سماجی، اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی اور بے پناہ فوائد حاصل ہونگے۔ منصوبہ کی تعمیر سے علاقہ میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

حب پاور کمپنی (حبکو) کے ایک وفد نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی سیکرٹری یونس ڈھاگہ سے ملاقات کی اور حبکو کے کوئلہ کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ یہ وفد چیف ایگزیکٹو حبکو خالد منصور نائب صدر نیووینچرز طاہر جاوید کول پراجیکٹ کمپنی، چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے چیئرمین ہوانگ یونتاؤ اور چیف ایگزیکٹو آفسر زاؤ یونگ گینگ پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران حبکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد منصور نے بتایا کہ ہم تاریخی اربوں ڈالر کے 660 میگاواٹ بجلی تیار کرنے کے دو منصوبوں پر کافی پیش رفت کر چکے ہیں۔ یہ منصوبہ چائنا پاور حب جنریشن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کیا جائے گا جو پہلے ہی پاکستان کے قوانین کے تحت جاری کیا گیا ہے، یہ منصوبہ چائنا پا کستان اقتصادی راہداری کا ایک حصہ ہے جو صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت واحد توانائی کا منصوبہ ہے، منصوبہ کی تیاری کے اہم جزو کے طور پر حبکو نے مالیاتی اور سماجی اثرات کے جائزہ سے متعلق سٹڈی مکمل کر لی ہے جس کے تحت منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کی روک تھام کیلئے سفارشات مرتب کی گئی ہیں جس پر حبکو مکمل عملدرآمد کرے گی۔

چینی کمپنی کے چیئرمین ہوانگ یونتاؤ نے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جدید آلات کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جس کے ذریعے یہ منصوبہ قومی ماحولیاتی معیارات کے عین مطابق ہوگا۔ منصوبے کے مقام پر مائع مواد کیلئے بھی ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیا جائے گا۔ مزید بر آں حبکو صنعتی فضلہ کے اخراج کو منصوبہ کی حدود سے باہر نہ جانے دینے کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ گردونواح کے ساحلی ماحول کو اس کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی میں چینی کمپنیوں کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ اس منصوبہ سے ملک کی سماجی، اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی اور بے پناہ فوائد حاصل ہونگے۔ منصوبہ کی تعمیر سے علاقہ میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور تعمیراتی کمپنیاں اور سب کنٹریکٹر تعمیراتی عرصہ کے دوران ہنر مند نیم ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کو روزگار فراہم کریں گی۔

علاوہ ازیں منصوبے کی سائیڈ کے گردونواح میں دیگر اقتصادی سرگرمیوں کا بھی آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اہم منصوبوں سے ملحقہ علاقوں میں بھرپور ترقیاتی ثمرات پہنچیں گے۔ ملک میں جاری توانائی کے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبہ پاکستان کو انرجی مکس پر لے جانے کی راہ ہموار کرے گا جس کی اشد ضرورت تھی تاکہ ملک میں توانائی کی پیداوار کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں توا نائی کے شعبوں میں مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کیلئے مثالی ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس منصوبہ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :