ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دیکر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

نیوزی لینڈ نے مقررہ بیس اورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنائے ٗ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنا سکی ٗمیک لینا گہان کو شاندار کار کر دگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا

جمعہ 18 مارچ 2016 20:35

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست ..

دھرم شالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دیکر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ٗ نیوزی لینڈ نے مقررہ بیس اورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنائے ٗ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنا سکی ٗمیک لینا گہان کو شاندار کار کر دگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹن کا فیصلہ کیا ٗ مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 61 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، گپٹل 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 66 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن بھی 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

کولن منرو نے 23 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ روز ٹیلر کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی۔ جارح مزاج کورے اینڈرسن اور لیوک رونکی بھی بالترتیب 3 اور 6 رنز ہی بنا سکے جب کہ مچل سینٹنر بھی ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ گرانٹ ایلیٹ بھی 27 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر اور گلین میکسویل نے 2، 2 جب کہ مچل مارش اور شین واٹسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب کیلئے آسٹریلوی ٹیم میدان میں اتری تو عثمان خواجہ اور شین واٹسن نے ٹیم کو 41 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، میک لیناگہان نے واٹسن کی وکٹ لیکر بریک تھرو کیا،واٹسن 13 رنز بنا سکے، کپتان سٹیون سمتھ بھی ناکام رہے اور 6 رنز بنانے کے بعد سٹمپ آؤٹ ہو گئے، عثمان خواجہ 38 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، وارنر روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور 6 رنز بنا کرپویلین جا بیٹھے، میکسویل اور مارش نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 100 کے سکور پر سودی نے میکسویل کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 22 رنز بنائے، کینگروز کو آخری دو اوورز میں فتح کیلئے 22 رنز درکار تھے اور اس کی 5 وکٹیں باقی تھیں، 19 ویں اوور میں میک لینا گہان نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے صرف 3 رنز دیئے اور دو وکٹیں بھی لیں، مارش 24 اور آشٹن ایگر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس طرح آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 134 رنز تک محدود رہی، فالکنر 2 اور کولٹرنیل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، میک لینا گہان نے 3 ٗ کورے اینڈرسن اور مچل سینٹنر نے دو، دو اور سودی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :