لاہور میں ،پاک پلاسٹک نمائش 25تا 27مارچ منعقد ہوگی

نمائش کنندگان کی جانب سے زبردست پذیرائی

جمعہ 18 مارچ 2016 20:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مارچ۔2016ء) لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 25تا27مارچ تک منعقد ہونے والی پاک پلاسٹک نمائش میں شرکت کیلئے نمائش کنندگان کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔اس میگا ایونٹ کا اہتمام پاکستان پلاسٹک مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کی جانب سے کیا جارہا ہے جو کہ انٹر نیشنل پلاسٹک ایگزیبیشن کا ایک حصہ ہے ۔

اس نمائش میں150سے زائد مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے جبکہ نمائش میں1لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کی توقع بھی کی جارہی ہے ۔اس نمائش میں پاکستان کی پلاسٹک صنعت کی جدید اور کامیاب مصنوعات کا ڈسپلے کیا جائیگا جبکہ نمائش کی دیگر خصوصیات میں معلوماتی سیشنز بھی شامل ہیں جہاں پلاسٹک کی مقامی صنعت سے متعلق تکینکی ترقی،استعداد ،رجحانات اور برآمدی صلاحیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس تین روزہ ایونٹ میں پلاسٹک کی صنعت سے وابستہ مقامی و بین الاقوامی خریدار،ماہرین،انٹر پرینیورز،ریگولیٹرز،سرمایہ کاراورپروفیشنلز شرکت کرینگے اور اپنے اپنے کاروبار کی توسیع کے حوالے سے اس پلیٹ فارم سے استفادہ کرینگے۔پاکستان پلاسٹک مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے چیئرمین خلیل احمد نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رواں برس اس نمائش میں150سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شرکت کرکے اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی جبکہ اس نمائش میں صنعتی خریدار،ماہرین،انٹر پرینیورز،ریگولیٹرز،سرمایہ کار اور پروفیشنلز کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔

پاک پلاس کے چیف آرگنائزر نبیل ہاشمی کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کا انعقاد پلاسٹک پراسیسنگ انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے انڈسٹری کی مزید بہتری کیلئے تجاویز اور مشاورت حاصل کرنا ہے جبکہ اس نمائش میں پلاسٹک انڈسٹری کے تمام ہی اسٹیک ہولڈرز بشمول خام مال پروڈیوسرز،پروسیسر،پلاسٹک مشینری مینو فیکچررز،ماڈیولز و ڈائز بنانیو الے،ٹریڈرز،امپورٹرز و ایکسپورٹرز اور فنشڈ و سیمی فنشڈ پروڈیوسرز صنعت کی ترقی کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ معلومات و تجربات کا تبادلہ کرینگے۔

پاک پلاس میں پلاسٹک کے شعبے میں کام کرنے والی نمایاں انٹر پرائزز اور ایسوسی ایشنز کی شرکت متوقع ہے۔ چیف پیٹرن پی پی ایم اے عثمان ذکریا کا کہنا ہے کہ ہم نے اس نمائش کو پلاسٹک کی صنعت کے فروغ اور ترقی کیلئے ایک پلیٹ فارم میں تبدیل کردیا ہے جہاں انڈسٹری سے وابستہ ملکی و غیر ملکی ماہرین اپنے خیالات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ اس صنعت میں ہونے والی جدت اور ترقی سے متعلق آئیڈیاز شیئر کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی ایم اے ایک فعال ایسوسی ایشن ہے جو ملک میں پلاسٹک کی صنعت کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور پاک پلاس نمائش کا مقصد بھی اس صنعت سے وابستہ ماہرین کو ایک جگہ اکھٹا کرکے اس صنعت کی ترقی کیلئے تجاویز کا حصول اور تبادلہ خیال کرنا ہے،اس نمائش میں پلاسٹک ٹیکنالوجیزسینٹر اورپولیمر ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی خدمات و کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ ۔

متعلقہ عنوان :