فروغ تعلیم کیلئے متعین اہداف کا حصول مشترکہ ذمہ داری ہے‘اس ضمن میں تیزرفتاری سے اقدامات کرنا ہونگے‘شہبازشریف

معیاری تعلیم تک رسائی ہر بچے کا حق ہے اورپنجاب حکومت یہ حق انہیں دے رہی ہے‘وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب ہم معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے‘سربراہ ڈیفڈ جوانا ریڈ

جمعہ 18 مارچ 2016 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں4گھنٹے طویل اجلاس ہوا ،جس میں پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کے تحت تعلیمی اصلاحات کے پروگرام پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروغ تعلیم کیلئے تعین کردہ اہداف کا حصول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے -سکولوں میں بچوں کے داخلے اورمعیاری تعلیم کے فروغ کیلئے مقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے تیزرفتاری سے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

’’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب ‘‘پروگرام کے تحت تعلیمی اہداف کا حصول ایک قومی ذمہ داری سمجھ کریقینی بنانا ہوگا -انہوں نے کہا کہ محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے سال 2018 تک پنجاب کے ہر بچے کے سکول داخلے کا ہدف حاصل کرنا ہے -تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے مقررکردہ اہداف کو یقینی بنانے کیلئے مجھے نتائج چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی معیاری تربیت کے حوالے سے جامع پروگرام وضع کرکے فوری عملدر آمد کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔

فروغ تعلیم کیلئے وسائل کی فراہمی ملک و قوم کے تابناک مستقبل کیلئے سرمایہ کاری ہے - معیاری تعلیم تک رسائی ہر بچے کا حق ہے اورپنجاب حکومت یہ حق انہیں دے رہی ہے -انہوں نے کہا کہ سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی تعمیر ومرمت کیلئے اربوں روپے کے وسائل دیئے گئے ہیں اس لئے خستہ حال عمارتوں کی تعمیرو مرمت کا کام مقررکردہ مدت میں یقینی بنایاجائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر ،سیکرٹری اور متعلقہ اداروں کے حکام فروغ تعلیم کیلئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔وزیراعلیٰ نے اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے بروقت اقدامات نہ اٹھانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام تعلیمی اصلاحات کے روڈ میپ کا اہم جزو ہے اور اساتذہ کی مناسب تربیت کے بغیر معیاری تعلیم کا فروغ اور تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں-انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کے اہداف کو مقررمدت میں ہرقیمت پریقینی بنایا جائے۔

سرمائیکل باربر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں- ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے جتنا وقت دیتے ہیں یہ ان کی کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں - انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت تعلیمی اہداف کے حصول میں ضرورکامیاب ہو گی- ہم معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

برطانوی ماہر تعلیم سرمائیکل باربر،پاکستان میں ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہوداحمد،مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل ،چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن،ایم پی اے انجینئرقمرالسلام راجہ، متعلقہ سیکرٹریز، ماہرین تعلیم،ڈیفڈ کے عہدیداران اور سکولز ریفارمز روڈ میپ کی ٹیم کے ممبران کی اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب کے ضلعی انتظامی و تعلیمی افسران بھی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :