ورلڈ ٹی ٹونٹی : انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیدیا

جمعہ 18 مارچ 2016 22:20

ورلڈ ٹی ٹونٹی : انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیدیا

ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔18مارچ2016ء ) ورلڈ ٹی ٹونٹی کے مین راؤنڈ کے گروپ اے میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 2وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرڈالا۔ وانکھیڈے سٹیڈیم ،ممبئی میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقی اوپنرز نے اننگز کا دھواں دھار آغاز کیا اور بالخصوص کوئنٹن ڈی کوک نے برطانوی باؤلر کی دل کھول کر درگت بناتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 7اوورز میں 96رنز کا آغاز فراہم کیا ۔

ڈی کوک 24گیندوں پر 7چوکوں اور 3چھکوں کی مددسے 52رنز بنا کر پوویلین لوٹے ۔ ہاشم آملا نے بھی ڈی کوک کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے برطانوی باؤلرز کی پٹائی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ، وہ 31گیندوں پر 7چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 58رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ا ے بی ڈیویلئرز عادل رشید کو ایک اوور میں دو چھکے مارنے کے باوجود تیسرا مارنے کی کوشش میں 16رنز پر آؤ ٹ ہوگئے ، کپتان ڈو پلیسی بھی 17رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ملر اور ڈومنی نے 27گیندوں پر 60رنز جوڑ کر جنوبی افریقہ کا سکور 229تک پہنچا دیا ۔ڈومنی 54اور ملر 28رنز پر ناٹ آؤ ٹ رہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 2جبکہ ڈیوڈ ولی اور عادل رشید نے ایک ،ایک وکٹ لی ۔ 230رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے 2.2اوورز میں ٹیم کو 48رنز کا آغازفراہم کیا جسکے بعد ہیلز 17رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔جیسن روئے نے محض 15گیندوں پر 43رنز بنا کر انگلینڈ کو مومینٹم فراہم کیا ، بین سٹوکس 15اور این مورگن 12زنز بنا کر پوویلین لوٹے۔

جوروٹ اور بٹلر نے پانچویں وکٹ کے لیے 75رنز جوڑ کر انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط کردی ۔بٹلر 21رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔نائب کپتا ن جو روٹ 44گیندوں پر 83رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ۔آخری اوور میں انگلینڈ کو کامیابی کے لیے ایک رن درکار تھاجو اس نے چوتھی گیند پر پورا کیا ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایبٹ نے 3،ربادا نے 2جبکہ عمران طاہر اور ڈومنی نے ایک ، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا ۔