ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ،روٹ کی شاندار ففٹی،آملہ،کوک اور ڈومینی کی نصف سنچریوں پر بھاری پڑ گئی، انگلش ٹیم نے ٹی ٹونٹی کا دوسرا بڑا ہدف حاصل کر کے جاندار کم بیک کیا،انگلینڈ نے 230 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں پر پورا کیا، روٹ نے 83 رنز کی اننگز کھیل کر پروٹیز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا اور مین آف میچ قرار پائے

ہفتہ 19 مارچ 2016 11:07

ممبئی ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مارچ۔2016ء) جوروٹ کی 83 رنز کی دلکش اننگز، کوک، آملہ اور ڈومینی کی نصف سنچریوں پر بھاری پڑ گئی، انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں جاندار کم بیک کیا ہے، انگلش ٹیم نے ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں دوسرا بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے، آملہ 58 اور ڈی کوک 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈومینی 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.4 اوورز میں 8 وکٹوں پر حاصل کیا، جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نے 48 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، روٹ نے ڈٹ کر پروٹیز باؤلرز کا مقابلہ کیا، انہوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی اننگز کھیل کر پروٹیز ارمانوں پر پانی پھیر دیا، آملہ، کوک اور ڈومینی کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔

(جاری ہے)

روٹ کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ گزشتہ روز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ سپرٹین مرحلے میں گروپ ون کے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان ایوان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 229 رنز بنائے، ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کوک اور جے پی ڈومینی نے شاندار نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو مضبوط ٹوٹل مہیا کیا، آملہ 58 اور کوک 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جے پی ڈومینی 54 اور ڈیوڈ ملر 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز 16 اور فاف ڈوپلیسی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ معین علی نے 2 جبکہ ویلے اور راشد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 8 وکٹوں پر حاصل کیا۔ روئے اور ہیلز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 2.3 اوورز میں 48 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ہیلز 17 رنز بنا کر ایبٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، روئے نے جارحانہ انداز کو برقرار رکھا تاہم 43 کے انفرادی سکور پر وہ ایبٹ کی گیند کا نشانہ بنے، بین سٹوکس انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنا کر چلتے بنے، 111 کے سکور پر کپتان مورگن 12 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر بٹلر نے روٹ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ میں 75 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 186 تک پہنچا دیا، یہاں پر بٹلر 21 رنز بنانے کے بعد سٹمپ آؤٹ ہو گئے، روٹ نے مشکل وقت میں ڈٹ کر پروٹیز باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 83 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، اس کے بعد معین علی نے 12 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

کائل ایبٹ نے 3 ربادا نے 2، عمران طاہر اور ڈومینی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :