خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد جاں بحق ہو گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 مارچ 2016 12:06

خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے ..

پشاور+مظفرآباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مارچ۔2016ء) خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بارش قہر بن گئی، مظفر آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد لقمہ اجل بن گئے ، ضلع باغ کے نواحی گاو ں میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر گھر گر گیا جس سے چھ افراد مٹی کے تودے تلے دب گئے ، اہل علاقہ نے اپنی مدد ا?پ کے تحت چار بچیوں کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔

تاہم گھر کا سربراہ اور اس کی بیوی دم توڑ گئے۔آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گھر گر گئے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم،شاہراہ جہلم اور مظفر آباد راولپنڈی روڈ سمیت متعدد شاہرایں بند ہو گئیں۔

(جاری ہے)

لوئر دیر میں گھر کی چھت موسلادھار بارش سے گر گئی جس سے 5 افراد کی زندگی کا خاتمہ ہو گیا، حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔

ادھر کرم ایجنسی کے نواحی علاقے گوندال میں گھر کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مظفرآباد کے نواحی علاقے سرلی سچہ میں مٹی کے تودہ اور بھاری پتھر مکان پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک چار سالہ بچی زخمی ہوئی۔سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جنوبی ضلع باغ کے علاقے اوچھاڑ میں مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ تین بچیاں زخمی ہوئیں۔

ضلع حویلی اور عباسپور میں مکان گرنے سے 4 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ پولیس کے مطابق ان تمام مقامات پر ریسکیو آپریشن کے بعد ہلاک ہونے والے 11 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں 4 بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔نصف رات کے بعد شروع کی جانے والی امدادی کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ اور پاکستانی فوج کے اہلکاروں سمیت سرکاری و غیر سرکاری ادارے کے رضاکاروں نے حصہ لیا۔

پولیس کے مطابق گذشتہ روز تیز بارش کے دوران سڑک پر پھسلن سے مظفرآباد اور نیلم میں مختلف ٹریفک حادثات بھی پیش آئے جن میں دو افراد ہلاک ہوئے۔سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ’حالیہ بارشوں سے مٹی کے تودے گرنے اور مختلف مقامات پر حاثات کے دوران اب تک 13 افراد ہلاک جبکہ کم از کم دو درجن کے قریب مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان ہوا ہے۔شدید بارشوں اور برف باری کے باعث ہونے والی لینڈ سلاڈنگ کی وجہ سے وادی نیلم ،لیپہ ،فاروڈ کہوٹہ اور مظفرآباد کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔