لاہور‘ والڈ سٹی اتھارٹی کے زیراہتمام تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول جاری

ہفتہ 19 مارچ 2016 13:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مارچ۔2016ء) لاہور میں والڈ سٹی اتھارٹی کے زیراہتمام تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول جاری ہے۔ پہلے روز دو کھیل پیش کیے گئے جسے شائقین نے خوب پسند کی۔خوبصورت، سرسبزوشاداب حضوری باغ میں ڈرامے کا اسٹیج لگا تو کمال کا منظر بنا۔ لاہور کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ وطالبات نے ڈرامے پیش کئے اور خوب کردار نبھائے۔

(جاری ہے)

تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول کے پہلے روز آزاد تھیٹر کے زیراہتمام تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کھیل دو دونی چار پیش کیا گیا۔ فنکاروں نے جاندار اداکاری سے ڈرامے میں حقیقت کا رنگ بھر دیا۔پھر آئی باری پنجاب یونیورسٹی ڈرامیٹک سوسائٹی کی جنہوں نے آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے زوال کی کہانی کے کرداروں کو اس عمدگی سے نبھایا کہ دیکھنے والے داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ شاندار تھیٹر فیسٹیول میں مزید دو روز تک معاشرتی، تعلیمی ودیگر موضوعات پر ڈرامے پیش کئے جائیں گے۔