حکومت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مقدمے میں بھرپور قانونی جنگ لڑی ہے ‘وزیر اطلاعات

ہفتہ 19 مارچ 2016 14:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ حکومت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مقدمے میں بھرپور قانونی جنگ لڑی ہے ‘ مشرف کوگارڈ آف آنر پیش کر نے والے حکومت پر تنقید کررہے ہیں ‘ حکومت کی جانب سے نرمی دکھانے کی باتیں سراسر غلط ہیں ‘ فی الحال ماضی کے گڑھے مردے اکھاڑنا مناسب نہیں ہوگا ۔

برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف یہ مقدمہ دوسال سے سپریم کورٹ میں چل رہا تھا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت نے پرویز مشروف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مقدمے میں بھرپور طور پر عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہاکہ حکومت کے وکیل نے کھلی عدالت میں دو سال تک سب کے سامنے یہ مقدمہ لڑا ہے لہذا یہ تاثر دینا کہ حکومت کی جانب سے کوئی نرمی دیکھائی گئی ہے سراسر غلط ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہاکہ پرویز مشرف کا نام حکومت نے ای سی ایل سے نہیں نکالا بلکہ یہ طویل عدالتی کارروائی کا نتیجہ ہے۔پرویز رشید نے کہا کہ اس حوالے سے آرٹیکل چھ کے تحت سابق صدر کا مقدمہ سننے والی خصوصی عدالت اور سندھ ہائی کورٹ پہلے ہی فیصلے دی چکی ہیں ‘ سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ پرویز مشرف کو ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے حکومت سے رجوح کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس فیصلے کے بعد ان کا نام خود بخود ای سی ایل سے خارج ہوگیا ہے ااسی فیصلے کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ بحال کر دیا ہے لہذا اب قانونی پوزیشن یہ ہے کہ حکومت کسی صورت ان کو روک نہیں سکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ بہت سے ایسی چیزیں ہیں جو ہم کرنا چاہتے ہیں لیکن فل الحال ماضی کے گڑھے مردے اکھاڑنا مناسب نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :