ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ریسکیو تربیتی کورسز کی ضرورت کے جائزے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد

ہفتہ 19 مارچ 2016 15:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مارچ۔2016ء)ریسکیو افسران کے لئے تربیتی کورسز کو مرتب کرنے اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ میٹنگ کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ، پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)بریگیڈئر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیاء اور ڈائریکٹر جنرل ، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے کی جبکہ میٹنگ میں تمام ضلعی ایمرجنسی افسران، پراونشل مانیٹرنگ آفیسر /رجسٹرار ڈاکٹر فرحان خالد، ریجنل ایمرجنسی افسران بشمول میاں رفعت ضیاء اور ڈاکٹر ظفر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ) فہم احمد قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیومن ریسورس)ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس نعیم مختار، ڈپٹی ڈائریکٹر (ریپئر اینڈ مینٹی نینس)عرفان نصیر، ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) ایاز اسلم،ایجوٹینٹ ٹریننگ ڈاکٹر علی امام سید، ہیڈ آف ٹریننگ ونگز محمد احسن اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے کہا کہ اکیڈمی میں جاری بیسک ریسکیو تربیتی کورس چار ماہ کی تربیت پر محیط ہے جس میں ایمرجنسی پیرامیڈیکل، سرچ اینڈ ریسکیو، فائر ، وائرلیس کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، بوٹ آپریشنز اینڈ فزیکل فٹنیس ٹریننگ شامل ہے ۔ یہ کورسز برطانیہ کی ایشین فائر سروس ایسوسی ایشین (افسا) اور اقوامِ متحدہ کے آفس آف کوارڈی نیشن اینڈ ہیومینی ٹیئرین افیرز کی گائیڈ لائنز کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی نے تمام ریسکیورز کے لئے بین الاقوامی سطح پر رائج بہتر ین طریقہِ کار، تکنیکی ترقی، عملی تجربات اورایمرجنسی صارفین کے تجربات کی روشنی میں یہ کورسز تربیت دیے ہیں ۔بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے مزید کہا کہ اگرچہ اس اکیڈمی سے اب تک پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد جموں اینڈ کشمیر، بلوچستان اور دیگر تنظیموں کے 14000سے زائد ایمرجنسی پروفیشنلز پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرچکے ہیں ، لیکن اب وقت کی ضرورت ہے کہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور پرموشن کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مڈ کیئرئیر اور ایڈوانس لیول کورسز ترتیب دیے جائیں۔

ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں رائج کورسز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ، ورکشاپ کے شرکاء نے مڈ کیئرئیر اور ایڈوانس لیول کورسز کو ترتیب دینے پر تفصیلی بات چیت کی اور آپریشنز کے تجربات کی روشنی میں جاری کورسز میں ترمیم کیلئے بھی تجاویزات دیں۔ انہوں نے مری میں ماؤنٹین ریسکیو ٹریننگ سنٹر کو بھی موثر انداز میں استعمال میں لانے اور کمی کوتاہیوں کی نشاندہی اور ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تجویز دی۔

اپنے اختتامی کلمات میں ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)بریگیڈئیر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیا نے کہا کہ تربیتی کورسز کو عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنا اور میڈ کیئرئیر اور ایڈوانس لیول کورسز کا اجراء ریسکیو افسران اور سٹاف کے لئے ترقی کے نئے راستے کھولے گا اور اس کے ساتھ آپریشنز کی استعدادِ کار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت پنجاب ایمرجنسی سروس کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے جو ریسکیورز کی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہے۔