فوج کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں زیر قبضہ اراضی کو خالی کرنے کا اعلان ڈرامہ بازی ہے ,انجینئر رشید

ہفتہ 19 مارچ 2016 15:36

سرینگر ۔ 19 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہادا سمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالررشید نے بھارتی فوج کی طرف سے سرینگر میں غیر قانونی طورپر زیر قبضہ اراضی کو خالی کرنے کے اعلان کو محض ڈرامہ بازی اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فوج ٹٹوگراؤنڈ سرینگر اور دیگر جگہوں پر زیر قبضہ اراضی کو خالی کرنے کے اعلان کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنا چاہتی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں صورتحال بہتر ہے ۔

تاہم انہوں نے کہاکہ ان مقامات سے منتقل ہونیوالی فوجی اہلکاروں کو ضلع کپواڑہ میں سوگام ، ہری، ڑیر کوٹ اور پنزگام میں ٹھہرانے کے لئے مقامی انتظامیہ سے 250ایکڑ اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر چہ پورامقبوضہ علاقے فوجی چھاؤنی کامنظر پیش کر رہا ہے لیکن کپواڑہ گزشتہ 25برس کے دوران سب سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس ضلع میں پہلے ہی بڑی تعداد میں بھارتی فوجی تعینات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نہ صرف ضلع کے خوبصورت صحت افزاء مقامات بلکہ بے شمار سرکاری ادارے بھارتی فوجی کی تحویل میں ہیں۔ انجینئر رشید نے کہاکہ اگر واقعی بھارت مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال میں بہتری کا خواہاں ہے تو اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ فوجیوں کو منتقل کرنے کی بجائے مقبوضہ علاقے میں تعینات فوجیوں کی تعداد میں کمی کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کا تقاضا ہے کہ فوج میں کمی کا آغاز کپواڑہ سے کیا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ کپواڑہ میں اضافی فوج کوتعینات کرنے اور انہیں مزید اراضی فراہم کرنے کی کوششوں کا عوامی سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :