کیوبا اور امریکہ کے درمیان 50 برس بعد براہ راست ڈاک رابطہ قائم ہو گیا‘صدراوبامہ کا کیوبا کی خاتون کو خط

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 مارچ 2016 15:59

کیوبا اور امریکہ کے درمیان 50 برس بعد براہ راست ڈاک رابطہ قائم ہو گیا‘صدراوبامہ ..

واشنگٹن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مارچ۔2016ء) کیوبا اور امریکہ کے درمیان 50 برس بعد براہ راست ڈاک رابطہ قائم ہو گیا ہے۔ ایک خاتون نے امریکی صدر اوباما کو کیوبا میں اپنے گھر مدعو کیا تھا جس کا جواب انھیں صدر کی جانب سے ملا ہے۔76 سالہ الینا یرزا نے صدر اوباما کو فروری میں ایک خط لکھا تھا جس میں انھوں نے ہونا میں اپنے گھر میں ’ایک پیالی کیوبن کافی‘ کے لیے صدر کو مدعو کیا تھا۔

جس پر صدر نے اس کا جواب ارسال کیا جس میں انھوں نے مز یرزا کا شکریہ ادا کیا ہے۔یہ خط گذشتہ 50 سال میں امریکہ سے کیوبا پہنچنے والے خطوط کے پہلے بنڈل میں شامل تھا۔سرد جنگ کے عروج کے زمانے میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست ڈاک کا نظام معطل کر دیا گیا تھا جس کا مطلب یہ تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان خط و کتاب دوسرے ممالک بطور خاص میکسیکو یا کینیڈا کے ذریعے ہوتی تھی۔

(جاری ہے)

مز یرزا نے جب یہ سنا کہ امریکی صدر مارچ کے مہینے میں کیوبا کا دورہ کرنے والے ہیں تو انھوں نے 18 فروری کو ان کے نام ایک خط ارسال کیا جس میں لکھا تھا کہ کیوبا میں میں آپ سے ملنے کی جتنی مشتاق ہوں شاید کم ہی لوگ اتنے مشتاق ہوں گے۔صدر نے مز یرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خط دونوں ممالک کے درمیان روشن مستقبل کے ایک نئے باب کی یاد دہانی کراتا ہے۔

انھوں نے ایک کپ کافی پینے کی بات کو مسترد نہیں کیا اور لکھا کہ انھیں امید ہے کہ انھیں کافی پینے کا موقع مل سکے گا۔مز یرزا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے صدر اوباما کی پہلی صدارتی مہم کے بعد سے انھیں چار پانچ بار خط لکھا ہے اور ان کا جواب ان کے لیے ’خوش کن اور حیرت انگیز‘ تھا۔گذشتہ سال 2015 کے دسمبر میں امریکہ اور کیوبا نے دونوں ممالک کے درمیان ڈاک سروس بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

یہ فیصلہ صدر اوباما اور راو¿ل کاسترو کی جانب سے دونوں ممالک کے رشتوں کو استوار کرنے کے بعد کیے گئے تھے۔امریکہ اور کیوبا کے رشتوں میں بہتری کے باوجود صدر اوباما کیوبا پر سے تجارتی پابندیاں ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں کیونکہ کانگریس نے اب تک اسے روک رکھا ہے۔

کیوبا اور امریکہ کے درمیان 50 برس بعد براہ راست ڈاک رابطہ قائم ہو گیا‘صدراوبامہ ..

متعلقہ عنوان :