ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی،دہلی کے سٹیڈیم میں پاکستان زندہ باد کے نعرے

ویمن ٹیم نے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لیوئس سسٹم کے تحت دورنز سے کامیابی حاصل کی ،انعم امین پلئیر آف دی میچ قرار

ہفتہ 19 مارچ 2016 20:25

ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی،دہلی کے سٹیڈیم ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت کو شکست دیکر نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بلندکرادیئے،ویمن ٹیم نے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لیوئس سسٹم کے تحت دورنز سے کامیابی حاصل کی ،ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،پاکستانی کپتان ثناء میر کا یہ فیصلہ ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوا پاکستانی خواتین باؤلرز نے ابتداء ہی سے بھارتی بیٹسمینوں کو مشکلات میں مبتلاء کردیا اورپانچ رنزکے مجموعی سکورپر دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج دیا ،دباؤ میں آئی بھارتی ٹیم تیزی سے سکور کرنے میں ناکام رہی ،34کے مجموعے پر تیسری وکٹ بھی گرگئی،15ویں اوورکی پہلی گیند پر اپنا چوتھا شکار کیا تو بھارت کا مجموعی سکور صرف 49تک ہی پہنچ سکا تھا ،71اور80کے مجموعے پر بھارت نے پانچویں اورچھٹی وکٹیں گنوائیں،جبکہ 20ویں اوورکی آخری گیند پر ساتویں وکٹ 96کے مجموعے پر گری،اس طرح بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 97رنز کا ہدف دیا پاکستان کی جانب سے انعم امین،اسماویہ اقبال،ثناء میر ،سعدیہ یوسف ،ندا ڈار ایک ایک وکٹ حا صل کی جبکہ دو بھارتی کھلاڑی رن آئی ٹ ہوئیں پاکستان کی جانب سے ناہیدا خان اورسدرہ امین نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا 19کے مجموعی سکور پر ناہیداخان 14رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں،جبکہ دوسری وکٹ کی شراکت میں 29رنز کا اضافہ ہوا ،48کے مجموعی سکور پر سدرہ امین 26رنز بنا کر پویلین لوٹیں،اس موقع پر بسماء معروف براسکور کرنے میں ناکام رہیں،اورپانچ رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں،نسبتاًآسان ہدف کی جانب پیشرفت کے دوران 77کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھ وکٹیں گرگئیں،16واں اوورمکمل ہوا تو بارش شروع ہونے جانے کے باعث میچ روک دیا گیا منیبہ علی 12جبکہ نداڈار بغیر کوئی سکور کیے وکٹ پر موجود تھیں ،اس موقع پر پاکستان کو جیت کے لیے چاراوورزمیں صرف 20رنز کی ضرورت تھی ،تاہم ڈی ایس ایل فارمولے کے حساب سے پاکستانی ٹیم بھارت سے دورنز کی برتری حاصل کے ہوئے تھی بارش کا دورانیہ طویل ہونے کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا،اورپاکستانی ٹیم ڈی ایس ایل فارمولے کی بنیاد پر دورنز سے فاتح قرارپائی،بھارت کی جانب سے آرایس گیاک واڈ،ایس پانڈے،جے گوسوامی اورایچ کورنے ایک ایک وکٹ حاصل کی ،پاکستان کی بھی دوکھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں، انعم امین کو چاراوورزمیں صرف نو رنز دیکر ایک قیمتی وکٹ حاصل کرنے پر پلئیر آف دی میچ قراردیا گیا،امپائرزکی جانب سے پاکستانی ٹیم کی فتح کا اعلان ہوتے ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے نعرے بازی شروع کردی جبکہ سٹیڈیم میں موجود پاکستانی حامیوں نے بھی ٹیم کو بھرپور داد دیتے ہوئے نعرے بازی کی ،اورفیروزشاہ کوٹلہ سٹیڈیم پاکستان زندہ بادکے نعروں سے گونج اٹھا۔