صدر مملکت کے صاحبزادے نے زمین پر قبضے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیدیا

میڈیا میں آنیوالی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، سلمان حسین

ہفتہ 19 مارچ 2016 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) صدر مملکت کے صاحبزادے سلمان حسین نے ان اطلاعات کو بالکل من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے کراچی میں کسی زمین پر قبضہ کر کے اسے فروخت کیا ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں صدر مملکت کے صاحبزادے نے کہا کہ اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے ایک حصے میں جو باتیں آرہی ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے 2011ء اور 2012ء میں کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں کچھ زمین کرائے پر لیکر کیٹل فارمنگ کا کاروبار شروع کیا تھا لیکن 2013ء میں انہوں نے اپنا کاروبار بلوچستان منتقل کر لیا اور یہ جگہ خالی کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جگہ ان کی ملکیت میں کبھی نہیں تھی اس لئے اس کی فروخت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی باتیں بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد ان کی کردار کشی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :