سپورٹس بورڈ پنجاب نے بڑی سکرینوں پر پاک بھارت میچ دکھایا

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دو بڑی سکرینوں نصب کی گئیں، سٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، فیملیز کی بھی بھرپور شرکت سٹیڈیم ’’پاکستان زندہ باد ‘‘کے نعروں سے گونجتا رہا، میچ دکھانے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے شکرگزار ہیں، شائقین

ہفتہ 19 مارچ 2016 22:07

سپورٹس بورڈ پنجاب نے بڑی سکرینوں پر پاک بھارت میچ دکھایا

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دو بڑی سکرینوں پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016ء کا پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونیوالا میچ براہ راست دکھایا، اس موقع پر سٹیڈیم تماشائیوں سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا، شائقین میچ سے بھرپور لطف اندوز ہوئے اور بہترین کھیل پیش کرنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی، سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، میچ دیکھنے کیلئے فیملیز کی بھی بہت بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی۔

شائقین کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی فلڈ لائٹس کے باعث ایسا ماحول بن گیا ہے ہم محسوس کررہے ہیں کہ جیسے کولکتہ سٹیڈیم میں میچ دیکھ رہے ہوں،یہ سپورٹس بورڈپنجاب کا قابل تحسین اقدام ہے، انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بڑی سکرینوں پر پاک بھارت میچ دکھانے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کرکٹ کو بڑی سکرین پر میچ دکھانے کا انتظام کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں، عوام کو بہت اچھی تفریح ملی ہے جس سے ہم بہت محظوظ ہوئے ہیں، شائقین نے سپورٹس کے فروغ میں سپورٹس بورڈ پنجا ب کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کا کلچر دن بدن فروغ پا رہا ہے جس کے باعث نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میچ دکھانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان، ایس پی ماڈل ٹاؤن مستنصر، ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن ناصر باجوہ، محکمہ داخلہ کے افسر محمد،اے سی ماڈل ٹاؤن امتیاز احمد،اے سی پروٹوکول منور بخاری،ندا عمر ایس پی ٹریفک، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس صداقت ملک، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اﷲ خان، پولیس آفیسرزرفاقت علی، عدنان، منیر احمد اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :