حکمران ڈرنا چھوڑ دیں بھارت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا،مرزا اسلم بیگ

ہم نے ایٹم بم کسی اور ملک کے خلاف نہیں بنایا یہ صرف بھارت کے ایٹم بم کا جواب ہے،عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ آتے ہی الطاف حسین ایم کیو ایم کے قائد نہیں رہیں گے، انٹرویو

اتوار 20 مارچ 2016 15:06

حکمران ڈرنا چھوڑ دیں بھارت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا،مرزا اسلم بیگ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مارچ۔2016ء) سا بق آ رمی چیف جنرل(ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ آتے ہی الطاف حسین ایم کیو ایم کے قائد نہیں رہیں گے حکمران ڈرنا چھوڑ دیں بھارت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ایک انٹرویو میں مرزا اسلم بیگ کا کہنا ہے کہ کرپشن بری چیز ہے اس ضمن میں اب ہم سنجیدہ ہیں فوج بھی بہت پرعزم ہے کرپشن کا تعلق چاہے حکومت ، عدلیہ ، فوج سے ہو یا عوام سے اب کارروائی ضرور ہو گی کرپشن کے خلاف کارروائی ملک میں خوشحالی میں اضافہ ہو گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ ہماری سرحد 1700 کلو مٹر طویل ہے ہماری ڈیڑھ لاکھ فوج دہشت گردوں کا پاکستان میں داخلہ روکنے اور ان کے خاتمے کے لئے متعین ہے جبکہ دوسری جانب افغانستان کی کوئی فوج متعین نہیں کی گئی ہے کیونکہ افغان آرمی کا کنٹرول صرف شہری علاقوں تک ہے اس بات کا اندازہ یوں کریں کہ خود افغانستان حکومت اس بات کا اصرار کرتی ہے کہ مولوی فضل اللہ افغانستان میں موجود ہے لیکن جس علاقہ میں ہے وہاں ان کا کنٹرول نہیں ہے وہ شوال کے راستے پاکستان آنے والوں کو کس طرح کنٹرول کر سکتے ہیں ایک اور سوال کے جواب میں مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ ہم نے ایٹمی پروگرام اس لئے شروع نہیں کیا تھا کہ اسے محدود کر دیں یہ دنیا کا پہلا پروگرام ہے جس کے آغاز کا وزیر اعظم پاکستان نے باقاعدہ اعلان کیا تھا کیونکہ بھارت کے ایٹمی دھماکے کر دینے سے خطہ میں عدم توازن پیدا ہو گیا تھا اور یہ بات اور بھی ہے کہ ہم نے ایٹم بم کسی اور ملک کے خلاف نہیں بنایا یہ صرف بھارت کے ایٹم بم کا جواب ہے جب بھی ضرورت پڑی تو بھارت کو جواب دیا جائے گا ایم کیو ایم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ آئے گا الطاف حسین قائد ایم کیو ایم نہیں رہیں گے جس نے بھی مصطفیٰ کمال کو مشورہ دیا اچھا مشورہ دیا ہے اس نے ان کی حرکات سے دلبرداشتہ ہو کریہ انتہائی قدم اٹھایا ۔