وزیراعلیٰ پنجاب کا پہلے ”چیف منسٹرز کپ گالف ٹورنامنٹ“ کی تقریب تقسیم انعامات سے دلچسپ پیرائے میں خطاب،گالف میں نیٹ70،71، 73 سکور کرنے والے جیتے ہیں تو ان کھلاڑیوں کو بھارت بھجوا دینا چاہیئے‘شہبازشریف

اتوار 20 مارچ 2016 23:18

وزیراعلیٰ پنجاب کا پہلے ”چیف منسٹرز کپ گالف ٹورنامنٹ“ کی تقریب تقسیم ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج لاہور جم خانہ گالف کلب میں پہلے ”چیف منسٹرز کپ گالف ٹورنامنٹ“ کی تقریب تقسیم انعامات میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے دلچسپ انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گالف ایک اچھا کھیل ہے مگر اس کیلئے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے اور یہ بھی سن رکھا ہے کہ کھلاڑی گالف کے میدان میں آ کر ہر طرح کی فکر سے آزاد ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی گالف نہیں کھیلی لیکن کھیل صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کے دوران دلچسپ پیرائے میں کہا کہ گالف میں نیٹ70، نیٹ71، نیٹ 73 سکور کرنے والے جیتے ہیں تو ان کھلاڑیوں کو اگلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کیلئے بھارت بھجوا دینا چاہیئے کیونکہ اگر انہوں نے گالف کے میدان میں اتنے سکور کئے ہیں تو یہ کھلاڑی یقینا بھارت میں جا کر بھی میچ جیت سکتے ہیں جس پر تقریب میں موجود لوگ بہت محظوظ ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت مند معاشرے میں کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پہلے چیف منسٹرز کپ گالف ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامی کمیٹی کو بھی مبارکباد دی۔ سابق چیف سیکرٹری پرویز مسعود اور چیئرمین لاہور جم خانہ کلب میاں مصباح الرحمن نے وزیراعلیٰ کو سووینئر پیش کیا۔ تقریب تقسیم انعامات سے کنوینر گالف آغا علی امام، سپانسر شوکت حسن اور میاں مصباح الرحمن نے بھی خطاب کیا۔