وفاقی دارالحکومت میں پھولوں اور پرندوں کو محفوظ بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،چیئرمین سی ڈی اے

پیر 21 مارچ 2016 22:49

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 مارچ۔2016ء) اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی کو بڑھانے اور اس کے تحفظ کیلئے موثر نگرانی اور دیکھ بھال سے نئے لگائے جانے والے پودوں کی بقاء کو یقینی بنایا جا سکے گا اور قدرتی ماحول پر توجہ کے ذریعے خصوصاً مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قدرتی ماحول کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں دارالحکومت میں پھولوں اور پرندوں کو محفوظ بنانے اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے بین الاقوامی جنگلات کے دن کے موقع پر کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر نہ صرف زمین کی موجودہ سر سبزی اور شادابی کو بچایا جانا مقصود ہے بلکہ مستقبل میں اس کو بڑھانا بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں درکار ہیں۔

انسانی اور دیگر وذرائع سے پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کووسیع جنگلات کے ذریعے ہی فضاء میں یکسانیت لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر اور بڑے جنگلات سے ہی قدرتی طوفانوں و تباہیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شروع کی جانے والی شجر کاری میں تقریباً3 لاکھ پودے اسلام آباد شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے جائیں گے اور بین الاقوامی ضرورت کے پیشِ نظر تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار پودے مختلف تنظیموں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر لگائے جا نے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ مختلف طبقوں سے خصوصاً مختلف تعلیمی اداروں سے طالبعلموں کو شامل کر کے شجر کاری مہم کے دوران شہریوں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ ہلز کے حیات اور نباتات کی حفاظت کے لیے خصوصی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے سی ڈی اے نے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر آگاہی واکس اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا۔

متعلقہ عنوان :