قوم کو قرار داد پاکستان پیش کرنے والے عظیم لوگوں کے نقش قدم پر چلنا چاہئے،آفاق احمد

تعلیم سے دوری کی وجہ سے پاکستانی عوام انتشار کا شکار اور چند خاندانوں کو ہاتھوں یرغمال ہیں

منگل 22 مارچ 2016 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد مسلمانوں کیلئے امن و سکون سے اپنے مذہب کی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے ایک ایسا خطہ زمین کا حصول تھا جہاں غیر مسلموں کو بھی مکمل تحفظ اور روادری کے ساتھ زندگی گذارنے کی آزادی ہو ،یہ کسی جاگیردار وڈیرے یا بدعنوان لوگوں کی خواہشات کی بھینٹ چڑھانے کیلئے حاصل نہیں کیا گیا تھا لیکن آج ارسٹھ سال گذرنے کے بعد ہم اس مقام پر ہیں کہ اسلام کے نام لیوا گاجر مولی کی طرح کاٹے جارہے ہیں اور اسلامی اصولوں کی تجربہ گاہ بننا تو دور کی بات انسانیت تک یہاں سسک رہی ہے جس کی وجہ باہمی اتحاد اور اتفاق کو فراموش کرکے باہم دست و گریبان ہونا ہے جسے مفاد پرستوں نے بڑھاوا دیا اور عوام نے انتشار کا شکار ہوکر انکے مذموم عزائم کی راہ ہموار کی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ قومیں اور ریاستیں ہمیشہ نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آتی ہیں ،شاعر مشرق علامہ اقبال نے پاکستان کا خواب ضرور دیکھا لیکن تحریک پاکستان کی داغ بیل 1876میں اسوقت ہی پڑچکی تھی جب سرسید احمد خان نے علی گڑھ مسلم اسکول کا سنگ بنیاد رکھا اور ببانگ دہل ہندو اور مسلمان کو دو علیحدہ قومیں کہا ۔آفاق احمد نے کہا کہ قیام پاکستان میں جہاں ہندوستان کے کروڑوں مسلمانوں کی قربانیوں کا دخل ہے وہیں اس بات کا بھی پیغام ملتا ہے کہ قوموں کی ترقی ،کسی تحریک کے نتیجہ خیز بننے اور نظریہ کو پروان چڑھانے کیلئے علم و ہنر میں مہارت ضروری ہوتی ہے،آج اگر پاکستانی عوام انتشار کا شکار اور چند خاندانوں کو ہاتھوں یرغمال ہیں تو اسکی وجہ تعلیم سے دوری ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ یوم پاکستان کو منانے اور قرارداد پاکستان کو پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ درسگاہوں کو آباد کرنا اور مومن کی گمشدہ میراث یعنی علم کا حصول ہی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرار داد پاکستان پیش کرنے والے عظیم لوگ تھے جن کے نقش قدم پر قوم کو چلنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :